کشمیر سمیت مقبوضہ علاقوں میں خواتین کے خلاف جرائم کے لیے ‘مانیٹرنگ میکانزم’ ضروری ہے؛ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری

15

اقوام متحدہ، 08 مارچ (اے پی پی): وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر سمیت غیر ملکی قبضے والے علاقوں میں خواتین اور لڑکیوں کے خلاف ہونے والے جرائم کے لیے مانیٹرنگ میکنزم قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ قابض افواج کو جوابدہ بنایا جا سکے۔

وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ‘خواتین، امن اور سلامتی’ کے موضوع پر ایک اعلیٰ سطحی بحث سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ خواتین اور لڑکیوں کے خلاف سب سے زیادہ مظالم اور جرائم غیر ملکی قبضے اور لوگوں کے حق خود ارادیت کو دبانے کے حالات میں ہوتے ہیں۔

وزیر خارجہ بلاول نے کہا کہ ‘خواتین، امن اور سلامتی’ کی حکمت عملی اس وقت تک نامکمل اور ادھوری رہے گی جب تک غیر ملکی قبضے والے علاقوں میں خواتین کی حالت زار کو بھرپور طریقے سے  سامنے لایا جائے اور اسے حل نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ قابض افواج کو جوابدہ ہونا چاہیے۔

 بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ غیر ملکی قبضے کی صورتحال میں تشدد کا اصل مقصد شہری آبادی کو دبانا ہوتا ہے، یہ سب سے زیادہ واضح طور پر مقبوضہ فلسطینی علاقوں اور ہندوستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ہو رہا ہے۔

 وزیر خارجہ نے افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں پر تعلیم اور کام پر عائد پابندیوں پر مایوسی کا اظہار کیا اور  حکام پر زور دیا کہ وہ خواتین کی تعلیم کی بحالی کے لیے اقدامات کریں اور انہیں افغان معاشرے میں اپنا حصہ ڈالنے کی اجازت دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین اور لڑکیوں کی تعلیم اور کام کی تمام سطحوں تک رسائی کا حق ہے۔