گڈ گورنس کا نفاذ  جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی اولین ترجیح ہے؛ ایڈیشنل سیکرٹری 

4

ملتان، 14مارچ (اے پی پی ): ایڈیشنل سیکرٹری ساؤتھ پنجاب محمد فاروق ڈوگر نے انتظامیہ کے افسران کو عوامی شکایات کے ازالے کے لئے کارروائی تیز کرنے کی ہدایت  دیتے ہوئے  کہا ہے کہ گڈ گورنس کا نفاذ  جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی اولین ترجیح ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کے آفس میں  جنوبی پنجاب کی انتظامیہ کے ڈویژنل اور ضلعی افسران کو ارسال کی گئی عوامی شکایات پر عملدر بارے کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیکشن آفیسر وجیہہ رسول خان نے اجلاس کو بریفنگ دی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے ٹائم فریم کے اندر عوامی شکایات کو حل کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نےکہا کہ اضلاع کی انتظامیہ کی کارکردگی کو مختلف انڈیکیٹرز کے ذریعے جانچا جاتا ہے اور عوامی شکایات پر عملدر آمد سے  انتظامیہ کی کارکردگی کا پتہ چلتا ہے۔

ایڈیشنل سیکرٹری نے کہا کہ  شکایت حل کرنے کے بعد ریکارڈ اپ ڈیٹ کیا جائے تاکہ صحیح ڈیٹا سامنے آسکے۔انہوں  نے تمام عوامی شکایات نمٹانے پر ساہیوال اور خانیوال انتظامیہ کی تعریف کی۔

اس موقع پر اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو226 عوامی شکایات ارسال کی گئیں۔کمشنر ملتان کو 17، کمشنربہاولپور16 اورکمشنر ڈی جی خان کو10عوامی شکایات ارسال کی گئیں۔اسی طرح  ڈی سی ملتان41، ڈی سی بہاولپور41، ڈی سی ڈی جی خان 12، ڈی سی مظفرگڑھ 21،ڈی سی لودھراں7، ڈی سی خانیوال 15،ڈی سی راجن پور 4 ،ڈی سی لیہ3،ڈی سی بہاولنگر9، ڈی سی رحیم یار خان18 اور ڈی سی وہاڑی کو11 شکایات ارسال کی گئیں۔

اجلاس میں جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کے  فوکل پرسنز بھی  موجود تھے ۔