آئی ایم ایف سے چند دنوں میں معاہدہ ہو جائے گا، اسحاق ڈار

29

اسلام آباد،09مارچ  (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف ) کے ساتھ چند دنوں میں معاہدہ ہوجائےگا،پچھلی حکومت کی وجہ سے عالمی اداروں اور پاکستان کے درمیان اعتماد کا فقدان پیدا ہوا،ہم پچھلی حکومت کے عالمی اداروں کے ساتھ کئے گئے  وعدے پورے کریں گئے۔ جمعرات کوپبلک فنانشل منیجمنٹ کے ذریعے معاشی بحالی کے موضوع پرسیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران کی گئی معاشی بد انتظامی کے باعث 2013 سے 2018 تک حاصل کی گئی ترقی کو مکمل طور پر ریورس گیئر لگ گیا۔

‎انہوں نے کہا کہ 2016 اور 2017 کے دوران ملکی  معیشت دنیا میں 24 ویں نمبر پر تھی، عالمی ایجنسی نے پیش گوئی کی تھی کہ 2030 تک پاکستان جی۔ 20 ممالک میں شامل ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے تکلیف محسوس ہو رہی ہے کہ 2022 میں پاکستان دنیا کی معاشی فہرست میں 47 ویں نمبر  پر آگیا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ اس صورتحال پر ہمیں بطور قوم سوچنا اور غور فکر کرنا چاہیے کہ ہم کہاں جا رہے ہیں۔وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ آئی ایم ایف کے اس پروگرام کو اپنی بہترین صلاحیت  کے مطابق مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہم نویں جائزے کے عمل کے آ خری مراحل میں ہیں ۔آئی ایم ایف سے وعدے پورے کریں گے،آئی ایم ایف سے چند دنوں میں معاہدہ ہو جائے گا۔