اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان وطن عزیز کا قابل فخر سرمایہ ہیں؛گورنرسندھ کا شہید بینظر بھٹو دیوان یونیورسٹی کے جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب

5

کراچی،17مارچ  (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے  کہاہے کہ مستقبل کے معماروں سے مل کر اطمینان محسوس ہوتا ہے، یہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان وطن عزیز کا قابل فخر سرمایہ ہیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید بینظیر بھٹو دیوان یونیورسٹی کے پہلے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ آپ لوگوں سے بہت ساری توقعات وابستہ ہیں، آپ اپنی صلاحیتوں سے وطن عزیز کی دل وجان سے آبیاری کریں۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ آپ اپنے گھر والوں کی کفالت اور دیگر کو بھی آگے بڑھنے میں ضرور مدد کریں، یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ کمزور کو تھام کر انہیں بھی اپنے پائوں پر کھڑا کرنے میں مدد کریں اور اس حوالے سے اسلام بھی ہمیں یہی درس دیتا ہے۔ انہوں  نے کہا کہ کامیابی کا سہرا والدین اور اساتذہ کے سر جاتا ہے کیونکہ اس میں ان کی شب و روز کی محنت شامل ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو دیوان یونیورسٹی کی انتظامیہ مبارک باد کی مستحق ہے جس نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں انتہائی اقدامات کو یقینی بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کل آبادی کا 64 فی صد سے زائد نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ان کو اعلیٰ تعلیم اور مہارت دینا ہوگی، اس ضمن میں دیوان یونیورسٹی نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم فراہم کرنے کا اہم ترین فریضہ انجام دے رہی ہے۔

بعدازاں گورنر سندھ نے کامیاب نوجوانوں میں اسناد تقسیم کیں