اوکاڑہ،پنجاب حکومت نے غریب کو براہ راست ریلیف دینے  کیلئے نیک نیتی کے ساتھ مفت آٹا سکیم کا آغازکیا؛نگران صوبائی وزیر اظفر علی ناصر

32

اوکاڑہ،29مارچ(اے پی پی ):نگران صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور اظفر علی ناصر نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے غریب کو براہ راست ریلیف دینے کے لئےنیک نیتی کے ساتھ مفت آٹا سکیم کا آغازکیا ہے، اس سلسلہ میں وزیر اعلیٰ اور کابینہ ممبران آٹا تقسیم کرنے کے حوالے سے انتظامی امور کا جائزہ لے رہے ہیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکاڑہ اور رینالہ خورد میں مختلف مفت آٹا سنٹرز کا دورہ کرتے ہو ئے کیا۔صوبائی وزیر  نے  شہریوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور  آٹے کی فراہمی کیلئے بہترین انتظامات کرنے کی ہدایت  کرتے ہوئے   کہا کہ شہریوں کو آٹے کے حصول میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں  نے کہا کہ مہنگائی میں حکومت پنجاب غریب کا ساتھ دے رہی ہے۔

صوبائی وزیر اوقاف نے کہا کہ حکومت نے آٹے پر سبسڈی ختم کرکے غریبوں کو مفت آٹا فراہم کرنے کا پروگرام شروع کیا تاکہ صرف مستحق افراد مستفید ہوں اورپنجاب حکومت اپنے اچھے مقصد میں کامیاب ہوگی۔انہوں  نے  کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل نہ ہونے والے افراد کو بھی آٹا فراہم کیا جا رہا ہے۔ماضی میں رمضان بازاروں کے لئے مختص سات ارب میں سے ساڑھے پانچ ارب روپے تو انتظامات پر ہی خرچ ہو جاتے تھےاور اب حکومت پنجاب غریب کو براہ راست ریلیف دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مردوں ، عورتوں اور بزرگوں کو آٹے کی فراہمی کیلئے الگ الگ انتظامات کئے گئے ہیں اورمفت آٹا سنٹرز پر پولیس نفری کو بڑھایا دیا گیاہے۔

صوبائی وزیرنے کہا کہ گزشتہ روز ساہیوال میں آٹے کے حصول کیلئے خاتون کی ہلاکت کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس نے ہمارے دلوں کو افسردہ کیا اور وزیر اعلیٰ کو اس واقعہ کے متعلق معلوم ہوا تو انہوں نے مجھے ساہیوال آنے کے احکامات دیئے اس واقعہ کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی بنا دی گئی ہے،انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کے بعد ذمہ دار فسران کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اللہ جاں بحق  ہونے والے خاتون کی مغفرت کرے۔