لاہور۔5مارچ (اے پی پی):جناح پولو فیلڈز کے زیراہتمام دوسرے پریذیڈنٹ آف پاکستان پولو کپ سپانسرڈ بائی تکمیل سکوائر کا فائنل ایف جی پولو نے جیت لیا۔ فائنل میں انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعدایف جی پولو ٹیم نے بی این پولو کو 9.5-9 گول سے ہرا کر دوسرا پریذیڈنٹ آف پاکستان پولو کپ جیت لیا۔ فائنل میچ دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود تھی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی تھے۔ جناح پولو فیلڈ کے پیٹرن، صدر، سیکرٹری جناح پولو فیلڈ میجر علی تیمور (ر)، سپانسرز تکمیل سکوائر کے سی ای و ڈاکٹر کامران فضل سمیت لوگوں کی بڑی تعداد میچ دیکھنے کیلئے گراؤنڈ میں موجود تھی۔ پانچ چکر کا فائنل میچ انتہائی دلچسپ رہا۔ ایف جی پولو ٹیم اور بی این پولو ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ ایف جی پولو کی طرف سے راول لیپ لا سیٹ نے شاندار کھیل پیش کیا اور 6 خوبصورت گول سکور کیے جبکہ دیگر میں رومیرو زلیولیٹا، ثاقب خان خاکوانی اور میاں عباس مختار نے ایک ایک گول سکور کیا۔ دوسری طرف سے حمزہ مواز خان نے چار، ٹی ٹو رئیوز نے تین اور بابر نسیم نے دو گول سکور کیے۔ قبل ازیں سب سڈری فائنل میں ماسٹر پینٹس کی ٹیم نے ری مانٹس کو 9.5-7گول سے ہرا کر سب سڈری فائنل جیت لیا۔ اختتامی تقریب میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزازراول لیپ لا سیٹ کو دیا گیا۔ میچ کی بہترین گھوڑی میاں عباس مختار کی گھوڑی فیونا کو دیا گیا۔ اس موقع پر آرمی بینڈ ڈسپلے بھی کیا گیا۔ رینجر اور ایچی سن کالج کی بوائز اور گرلز ٹیموں نے نیزا بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا۔