تئیس مارچ کا دن ہماری قومی تاریخ میں نہایت اہمیت کا حامل ہے؛اسپیکرصوبائی اسمبلی میر جان محمد خان جمالی

6

کوئٹہ،22مارچ  (اے پی پی):اسپیکرصوبائی اسمبلی میرجان محمد خان جمالی نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے  پیغام میں کہا ہے کہ 23 مارچ کا دن ہماری قومی تاریخ میں نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ 1940ءمیں اسی دن لاہورمیں تاریخی قرار دادپاکستان منظور کی گئی تھی اور بر صغیر کے مسلمانوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں اپنے لئے ایک علیحدہ وطن کے حصول کی جدو جہد کا آغاز کیا تھا اور سات سال کی انتھک محنت ، بیش بہا قربانیوں اور بے مثال جدو جہد کے بعد وہ اپنے لئے ایک آزاد اور خود مختار وطن پاکستان حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

 انہو ں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عہد کی تجدید کرنی چاہیئے کہ ہم مکمل اتحاد و اتفاق قائم رکھتے ہوئے قومی یکجہتی ،ملکی سالمیت اور تعمیر و ترقی کیلئے مل جل کر کام کریں گے اور اس مقصد کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیاررہیں گے۔

 انہو ں نے اس موقع پر تمام اہل وطن کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے وطن عزیز کی سلامتی کی دعا کی ہے۔