محکمہ ایکسائز کا چارسدہ میں بحالی سنٹر پر چھاپہ، منشیات برآمد، ملزمان گرفتار

4

پشاور، یکم مارچ(اے پی پی): محکمہ ایکسائز پشاور نے خفیہ اطلاع پر چارسدہ میں واقع ایک بحالی مرکز میں منشیات کا کاروبار پکڑ کر ریہیب سنٹر کے مالک ملزم عارف اور منیجر حاجی رحمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

ترجمان ایکسائز کیمطابق خفیہ اطلاع پر تھانہ ایکسائز مردان کے ایس ایچ او بمعہ دیگر نفری نے چارسدہ کے علاقے مندنی اور امیر آباد میں کارروائی کی، جہاں منشیات بحالی مرکز میں مریضوں کو علاج کی بجائے انکو منشیات دی جاتی رہیں، جبکہ سنٹر میں موجود کم عمر بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی بھی ہوتی رہی۔

ترجمان ایکسائز کیمطابق کارروائی کے 508 گرام ہیروئن، 462 گرام آئیس، دو عدد رائفلز، دو عدد پستول اور دیگر دستوایزات برآمد ہوئیں۔

ترجمان ایکسائز نے بتایا کہ مرکز میں کم عمر بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی اور تندرست افراد کو پیسوں کی غرض سے قید کیا گیا تھا۔ مذکورہ ریہیب سنٹر سے دو کم عمر بچے بازیاب ہوئے ہیں ، جن میں ایک کی عمر سولہ سال ہے، ان دونوں بچوں کو انکے خاندانوں کے حوالے کیا جارہا ہے۔

ترجمان ایکسائز نے مزید بتایا کہ  گرفتار ملزمان کے خلاف تمام جرائم کے تحت مقدمہ درج کرلیاگیا ہے جبکہ ریہیب سنٹر کا لائیسنس منسوخ کرنے کیلئے متعلقہ محکمہ سے رابطہ بھی ہوگیا ہے۔