مدینہ فاؤنڈیشن کے تعاون سے حضرت داتا گنج بخش ؒ کے مزار کی توسیع کا معاہدہ پر دستخط ، مزار کی توسیع سے زائرین کے لئے سہولتوں میں اضافہ ہوگا؛وزیرخزانہ اسحق ڈار

4

لاہور،18مارچ  (اے پی پی):وزیرخزانہ اسحق ڈار نے کہاہے کہ حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار کی توسیع سے زائرین کے لئے سہولتوں میں اضافہ ہوگا۔

ہفتہ کو یہاں مدینہ فاؤنڈیشن کے تعاون سے حضرت داتا گنج بخش ؒ  کے مزار کی توسیع کا معاہدہ  پر دستخط کئے گئے ۔وزیراعلیٰ آفس میں معاہدے پر دستخط کی تقریب ہوئی۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور چیئرمین داتادربار مذہبی امور کمیٹی وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارمعاہدے پر دستخط کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔دستخط کے بعد مولانا عبدالخبیر آزادنے خصوصی دعا کرائی ۔

معاہدے کے مطابق مدینہ فاؤنڈیشن حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار کے گرد برآمدوں (غلام گردش) کی توسیع کرے گی۔ منصوبے پر تقریباً 16کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔منصوبے کی تکمیل سے غلام گردش اور ان برآمدوں میں زائرین کی گنجائش 3 ہزار سے بڑھ کر 5 ہزار ہو جائے گی،نیسپاک بطور مشاورتی فرم خدمات سرانجام دے گی۔داتا دربار برآمدوں کی توسیع سے زائرین کیلئے آسانیاں پیدا ہوں گی۔

وزیرخزانہ اسحق ڈار نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار کی توسیع کے معاہدے کی سعادت حاصل ہوئی ہے۔توسیع سے زائرین کے لئے سہولتوں میں اضافہ ہوگا۔

 نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے  منصوبے کو حضرت داتا گنج بخش ؒ کے عرس سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت  کی ۔انہوں نے کہاکہ حضرت داتا گنج بخشؒ کے لنگر خانے کے انتظام کو عالمی معیار کا بنایاجائے۔لنگر کے معیار کو بھی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

سیکرٹری اوقاف نے وزیراعلیٰ محسن نقوی او روفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی ۔صوبائی وزیر اوقاف اظفر علی ناصر،مدینہ فاؤنڈیشن کے میاں رشید، اسلم ترین، سیکرٹری اوقاف، چیئرمین پاکستان رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاداو ردیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔