ملتان،03 مارچ (اے پی پی ):کمشنر انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں انسداد گرانفروشی،یوریا، کھاد فراہمی، انسداد ڈینگی مہم بارے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں اشیاء ضروریہ بالخصوص آٹا،چینی کے نرخوں، دستیابی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مہنگائی پر قابو پانے کیلئے غیر روایتی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔کمشنر عامر خٹک نے ہدایت کی کہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور محکمہ زراعت یوریا، کھاد کی دستیابی کے حوالے سے کردار ادا کرے۔
کمشنر نے فلور ملز کو سبسڈائزڈ سرکاری گندم کی فراہمی، پسائی،سپلائی عمل کی نگرانی کا حکم بھی دیا۔انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی مہم میں عوام کو آگاہی دی جائے جبکہ ڈینگی مچھر سے ڈرنے کے بجائے شہری اپنا ماحول خشک اور صاف رکھیں۔
اجلاس میں انسداد گرانفروشی بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ گرانفروشی پر 236500روپے جرمانہ، 4 مقدمات، 9 افراد گرفتار کئے گئے ہیں۔
اجلاس میں ڈی سی ملتان عمر جہانگیر، ایڈیشنل کمشنر سرفراز احمد اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عابدی فرید، اسسٹنٹ کمشنر ارم شہزادی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ظہور بھٹہ،ڈائریکٹر زراعت شہزاد صابر اور محکمہ فوڈ، صحت، مارکیٹ کمیٹی کے متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔