ملتان؛ کوڑا و ملبہ شاہراہوں پر پھینکنے والوں کیخلاف بھاری جرمانے و قانونی کارروائی کا آغاز

20

ملتان،24 مارچ (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر کی ہدایت پر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے شہر کو صاف رکھنے کیلئے بھرپور انفورسمنٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں کوڑا و ملبہ شاہراہوں پر پھینکنے والوں کو بھاری جرمانے و قانونی کارروائی کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد یعقوب نے چارج سنبھالتے ہی انفورسمنٹ سیل کو فعال کرنے کا حکم دیا تھا۔انچارج انفورسمنٹ سیل فہیم لودھی کی سربراہی میں انفورسمنٹ سیل نے  سڑکوں اور فٹ پاتھ پر ملبہ و کوڑا کرکٹ ڈالنے والے 10 سے زائد ٹھیکیداروں اور دکانداروں کو نوٹس جاری کردیے، اس موقع پر انفورسمنٹ سیل نے ملبہ پھینکنے والوں 24 گھنٹوں میں ملبہ ازخود اٹھانے کا الٹی میٹم بھی دے دیا ہے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی شاہد یعقوب کا کہنا تھا کہ ملبہ و کوڑا باہر پھینکنے والوں نے شہر اولیاءکا حسن گہنا دیا ہے اب شہر کو گندگی سے بھرنے والوں کی لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت پراپرٹی بھی سربمہر کی جائے گی۔انہوں  نے کہا کہ بارشوں میں نکاسی آب و صفائی کیلئے واسا کو بھرپور معاونت فراہم کررہے ہیں جبکہ کمپنی نے شہری حدود سے باہر نواحی یونین کونسلز میں بھی صفائی کا آغاز کردیا ہے جس سے خوشگوار تبدیلی دیکھنے کو ملے گی۔

شاہد یعقوب نے اپیل کی کہ تاجر برادری اور شہری کوڑا و ملبہ شاہراہوں پر پھینکنے سے گریز کریں اور صفائی کے حوالے سے کمپنی سے تعاون کریں۔