ٹی بی سے پاک پاکستان کے حصول کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے؛گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن

14

لاہور،24مارچ  (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن  نے کہاہے کہ ٹی بی سے پاک پاکستان کے حصول کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے۔

ان   خیالات کا  اظہار انہوں نے ورلڈ ٹی بی ڈے کے موقع پر پاکستان میں ٹی بی پر قابو پانے کے لیے ان تھک کوششیں کرنے والے ہیلتھ پروفیشنلز کے وفد  سے  گفتگو میں  لہا ،  وفد نے   جمعہ کو  یہاں   گورنر ہائوس   میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن   سے   ملاقات کی ۔

اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ ہر سال 24 مارچ کو پوری دنیا میں ٹی بی کو عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے، ٹی بی کے عالمی دن کا مقصددنیا بھر میں ٹی بی کے اثرات کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو 2035 تک ٹی بی کی وبا سے پاک ہونے کے عالمی ہدف کو حاصل کرنے کے لیے ابھی بہت پیچھے ہے اور اسے حاصل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کرنے کی ضرورت ہے ۔

 گورنر پنجاب نے کہا کہ بطور چانسلر ہیلتھ یونیورسٹیوں کو ہدایات دی ہیں کہ فیملی میڈیسن کے شعبے پر بھر پور طریقے سے کام کیا جائے۔انہوں نے ملک میں ٹی بی کے خاتمے کے لیے پنجاب حکومت کے ٹی بی کنٹرول پروگرام، پاکستان لائنز یوتھ کونسل کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں  نے اس بات کی یقین دہانی بھی کرائی کہ اس مقصد کے لیے وہ ہر ممکن تعاون کریں گے۔

ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز پنجاب، ڈاکٹر ید اللہ نے کہا کہ ٹی بی کنٹرول پروگرام کے تحت پورے پنجاب میں ڈی ایچ کیوز، ٹی ایچ کیوز اور رورل ہیلتھ سینٹرز میں کلینکس موجود ہیں جہاں ٹی بی کے مریضوں کو مفت علاج اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔

  اس موقع پر ڈائریکٹر پی ایل وائی سی ڈاکٹر عبید اللہ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر یداللہ علی ، چیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر مشتاق سلہریا اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاکستان لائنز یوتھ کونسل ڈاکٹر قیصر جاوید، پرنسپل نشتر میڈیکل کالج ملتان، ڈاکٹر راشد قمر راو سمیت دیگر موجود تھے۔

ملاقات  کے اختتام پر گورنر پنجاب نے  ٹی بی پر قابو پانے کے لیے نمایاں خدمات سرانجام دینے والے ہیلتھ پروفیشنلز میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔