پاکستان کی ترقی کیلئے ہمیں متحد ہو کر کوشش کرنی چاہئے، خواتین کو بااختیار بنانا اولین ترجیح ہے، خاتون اول بیگم ثمینہ علوی

29

لاہور۔5مارچ  (اے پی پی):خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کیلئے ہمیں اجتماعی اور انفرادی طور پر کوشش کرنی چاہئے، خواتین کو بااختیار بنانا ہماری ترجیحات میں شامل ہے، ہمارے نوجوان باصلاحیت اور پرعزم ہیں، انھیں آگے بڑھنے کیلئے مناسب پلیٹ فارم مہیا کرنے کی ضرورت ہے، پاکستانی قوم کا یہ طرہ امتیاز رہا ہے کہ وہ فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے، ہماری خواتین کو اپنی سیاسی وابستگیوں سے ہٹ کر ملک کی خاطر کام کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں صولیٹون (soliton ) فائونڈیشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ ہمارے لئے یہ خوش آئند بات ہے کہ صولیٹون فائونڈیشن جیسی دیگر تنظیمیں پاکستان میں فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں ،عوام میں چیریٹی اور رضا کارنہ کاموں میں حصہ لینے کا جذبہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں خود بھی سیاست سے زیادہ فلاحی کاموں میں دلچسپی لیتی ہوں کیونکہ اس سے ہمارے ملک کے ضرورت مندوں  کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے سب سے پہلے پاکستان ہے اور ہم نے اس ملک کی بہتری کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانی ہیں اور ملک کی ترقی صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں ہوتی بلکہ باشعور قومیں انفرادی طور پر بھی ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  اگر ہم بیرون ملک والی سوچ اور رویئے اپنے ملک میں رہتے ہوئے اپنائیں تو ملک دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل ستائش ہے کہ ہمارے متعدد ادارے فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور میں خود بھی مختلف اداروں کے ساتھ کام کرتی رہی ہوں۔ ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ ہمارے ملک میں بریسٹ کینسر کی بیماری عام ہو چکی تھی  اور اس موذی مرض میں مبتلا 48 سے 49 فیصد خواتین موت کی  آغوش میں چلی جاتی تھیں،ہم نے شوکت خانم ہسپتال کے ساتھ مل کر آگاہی مہم چلائی تاکہ ابتدائی مرحلہ پر اس مرض کا علاج یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین باصلاحیت ہیں انھیں بااختیار بنانا ریاست کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں ہر پڑھی لکھی خاتون کی یہ ترجیح ہوتی ہے کہ اسے ملازمت مل جائے  جبکہ میں خواتین کو مشورہ دوں گی کہ وہ سکلز ٹریننگ کی طرف بھی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کا حصول ہر دور کی ضرورت رہی ہے اور دور جدید میں اس کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے، میں اپنی خواتین سے کہوں گی کہ وہ اپنی تمام تر توجہ بچوں کی تعلیم پر صرف کر دیں کیونکہ ان بچوں نے آگے بڑھ کر ملک کی بھاگ ڈور سنبھالنی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری خواتین کو اپنی سیاسی وابستگیوں سے ہٹ کر ملک کی خاطر کام کرنا ہو گا، ہمیں دیگر کاموں کی طرح ذہنی  امراض کے علاج پر بھی توجہ دینی چاہئے تاکہ اس مرض میں مبتلا شہریوں کو ریلیف مل سکے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صولیٹون(soliton ) فائونڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر منصور نے کہا کہ ہماری فائونڈیشن پاکستان میں فلاحی کاموں کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے اور صولیٹون (soliton )گروپ کے زیر اہتمام سافٹ ویئر اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے علاوہ اپنی فائونڈیشن بھی چلا رہا ہے اور ننکانہ صاحب میں ہماری فائونڈیشن سکول ، ہسپتال ،یتیم خانہ اورزرعی تحقیقاتی مراکز قائم کر رہی ہے جس کیلئے اراضی حاصل کر لی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ بیرون ملک گزارا ہے اور میرے اندرتڑپ رہی ہے کہ ہمیں بھی پاکستان کو کچھ دینا چاہئے اور میں سمجھتا ہوں یہ جذبہ ہرشہری کے اندر ہونا چاہئے تاکہ ملک ترقی کر سکے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہمیں قائداعظم کے فرمودات پر عمل کرنا ہوگا کیونکہ پاکستانی عظیم قوم ہیں اور ہماری قوم نے اپنی صلاحیتوںکا لوہا دنیا بھر میں منوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں خاتون اول ثمینہ عارف علوی کی مشکور ہوں کہ انہوں نے اپنی مصروفیات میں سے وقت نکال کر ہماری فائونڈیشن کا دورہ کیا۔