یوم پاکستان ؛ انقرہ میں بحری جہاز معاون پر پرچم کشائی کی تقریب  منعقد

19

انقرہ، 23 مارچ (اے   پی پی ): پاکستان کے  قومی دن کے حوالے  سے    پاکستانی  بحری جہاز  معاون  پر  پرچم کشائی  کی   تقریب منعقد   ہوئی ، ترکی میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے قومی ترانے کی دھن پر پرچم بلند کیا۔ اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

 تقریب میں  نائب وزیر برائے قومی دفاع سوائے الپائے، نائب وزیر داخلہ اسماعیل چاتکلی، گورنر مرسین علی حمزہ پہلوان، بحری جہاز کے عملے اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی ۔

 حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے سفیر جنید نے کہا کہ پاکستان  اور  ترکیہ  کے دوستانہ  تعلقات کی بنیاد مشترکہ عقیدے، ثقافتی اور لسانی وابستگیوں اور مشترکہ تاریخ پر ہے، دو جھنڈوں کے رنگ مختلف ہو سکتے ہیں، پھر بھی ہلال اور ستارے کی علامتیں ایک جیسی ہیں۔انہوں نے کہا کہ  23 مارچ پاکستان کے لیے ایک اہم دن ہے ،اس لیے ہم نے اپنے قومی دن کو اس جہاز پر منانے کا فیصلہ کیا جو آج صبح پاکستان سے زلزلہ سے متعلق امدادی سامان لے کر پہنچا ہے ۔

سفیر ڈاکٹر یوسف جنید  نے کہا کہ آج کے دن 1940 میں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ ریاست کے مطالبے کے لیے قرارداد لاہور جو بعد میں قرارداد پاکستان کے نام سے مشہور ہوئی منظور ہوئی ۔ 23 مارچ 1940 کو دیکھا گیا خواب 14 اگست 1947 کو پاکستان کی صورت میں حقیقت بن گیا۔ سفیر نے مزید کہا کہ یہ دن ہمارے بانیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے، خود کا جائزہ لینے اور قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کے لیے اپنے عزم کی تجدید کا دن ہے۔

اپنی تقاریر میں نائب وزیر دفاع، نائب وزیر داخلہ اور گورنر مرسین نے ترکیہ کے ساتھ اظہار یکجہتی پر پاکستانی قوم اور قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترک عوام پاکستان کی  حمایت کو نہیں بھولیں گے، پاکستان نے تعاون کیا ہے اور ترکیہ ازل تک پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔