اوکاڑہ ، حکومتی  پالیسی کے تحت ایک لاکھ 34 ہزار میٹرک ٹن گند م خرید نے کیلئے اقدامات کئے جائیں؛ڈپٹی کمشنر

26

اوکاڑہ، 10 اپریل (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ ضلع میں حکومت کی گندم خریداری پالیسی کے تحت ایک لاکھ 34 ہزار میٹرک ٹن گند م خریدکرنے کے لئے طے شدہ ایس او پیز کے مطابق اقدامات کئے جائیں تاکہ گندم خریداری کا ہدف احسن انداز میں مکمل کیا جا سکے۔

ان  خیالات کا  اظہار انہوں نے ضلع میں گندم خریداری مہم کے انتظامات کے حوالے سے  جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے  ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے  کہا کہ گندم کی غیر قانونی نقل و حمل کو روکنے کے لئے ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں پر بنائی گئی چیک پوسٹس پر محکمہ پولیس ،ریونیو اور محکمہ خوراک کے اہلکار ڈیوٹی سر انجام دیں گے، گندم خریداری مہم میں جن افسران اور اہلکاروں کو ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں وہ احساس ذمہ داری سے اپنے فرائض سر انجام دیں۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر عمیرصغیر نے کہا کہ گندم خریداری مہم کے سلسلہ میں محکمہ خوراک پنجاب نے ہدایات جاری کر دی ہیں جن کے مطابق محکمہ خوراک سکیم 24-2023کے باردانہ کے علاوہ کسی بھی پرائیویٹ باردانہ میں گندم بھرائی پر مکمل پابندی ہے، کوئی آڑھتی نجی کاروبار کے لئے گندم کی خریدو فروخت نہیں کر سکتا، گندم صرف اور صرف محکمہ خوراک کو خریداری پالیسی کے مطابق خریدکرائی جا سکتی ہے، ذاتی استعمال کے لئے 25من گندم رکھی جا سکتی ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں زائد گندم بحق سرکاری ضبط کر لی جائے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کوئی بھی آڑھتی یا دوکاندار نجی باردانہ میں گندم کی بھرائی نہیں کر سکتا۔

 ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے ہدایت کی کہ جو شخص ضلع سے باہر گندم لے جاتے ہوئے پکڑا جائے اس پر مقدمہ درج کرایا جائے، گندم خرید کرنے والے کے ساتھ ساتھ جس گاڑی پر گندم لے جائی جائے اس گاڑی کے ڈرائیورمالک اور متعلقہ گڈز ٹرانسپورٹ اڈا مالک کے خلاف مقدمہ درج کرایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی گندم کی لوڈنگ اور ان لوڈنگ کرنے والے مزدوروں کی روزانہ کی بنیاد پر مزدوری ادا کی جائے۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریو نیو ملک احمد افراز اعوان، اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔