خود کو ہیرو بنا کر پیش کرنے والا عمران نیازی ملک کے بدترین مالی خسارے کا ذمہ دار ہے،سید نوید قمر

5

ٹنڈومحمدخان،24اپریل(اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت و سرمایہ کاری سید نوید قمر نے کہا ہے کہ خود کو ہیرو بنا کر پیش کرنے والا عمران نیازی ملک کے بدترین مالی خسارے کا ذمہ دار ہے، حکومت عمران خان کے الگ الگ الیکشن کا مطالبہ کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ عوامی عید ملن پارٹی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔وفاقی وزیر تجارت و سرمایہ کاری سید نوید قمر نے کہا کہ الیکشن پر سیاست کرنا غیر جمہوری عمل ہے، موجودہ اسمبلی اپنی مدت پوری کرے گی، عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ملک بھر میں ایک ہی دن ہونگے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتیں عمران خان کے ایک صوبے میں الیکشن کرانے والے مطالبے کے خلاف ہیں، عمران خان کا یہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، تمام جماعتیں ملک بھر میں ایک ہی دن الیکشن کے انعقاد کی خواں ہیں،الگ الگ الیکشن کے انعقاد سے ملک میں انتشار پھیلنے کا اندیشہ ہے،بڑے صوبے میں پہلے الیکشن کے انعقاد سے اس کا اثر تینوں چھوٹے صوبوں پر ہوگا۔

وفاقی وزیر تجارت و سرمایہ کاری سید نوید قمر نے کہا کہ ملک بھر میں ایک ہی دن الیکشن سے کس کو نقصان اور کس کو فائدہ ہوگا یہ بعد کی بات ہے، اس وقت تمام سیاسی جماعتیں ایک ہی دن الیکشن کرانے کے حق میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن پر سیاست کرنا غیر مناسب عمل ہے، حکومت کسی کے مطالبے پورے کرنے نہیں بیٹھی ہے۔

 تحریک انصاف سے بات چیت کرنے والے سوال کے جواب میں سید نوید قمر نے کہا کہ حکومتی اتحادیوں سے بات چیت ہوچکی ہے، جلد ہی ملکی مفاد کے تحت تحریک انصاف  سے بھی بات کی جائے گی،ملک میں الگ الگ انتخابات کسی صورت ممکن نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ اسمبلی اپنی مدت پوری کرے گی، عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونگے اور ایک ہی دن میں ہونگے۔

 سپریم کورٹ کے احکامات پر ان کا کہنا تھا کہ ایک جانب الیکشن کرانے کا حکم مل رہا ہے تو دوسری جانب الیکشن نہیں کروانے کی باتیں ہورہی ہیں، جو ملکی مفاد میں بہتر عمل نہیں ہے، اس سے ملک میں خانہ جنگی کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام تر ملکی مفاد کے تحت تمام سیاسی جماعتوں کو بیٹھ کر لائحہ عمل طے کرنا ہوگا

جے یو آئی کا پی ٹی آئی مخالف اور سخت رویے پر سید نوید قمر نے کہا کہ جے یو آئی تحریک انصاف کی مخالف نہیں ہے، عمران خان کی بدتہذیب زبان کی وجہ سے جے یو آئی سمیت تمام سیاسی جماعتیں عمران خان سے بات کرنا پسند نہیں کرتی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں ہماری اکیلے کی حکومت نہیں ہے، اگر پیپلزپارٹی کی حکومت ہوتی تو ہماری حکومت ہوتی،جو اسمبلی میں تھے ان سب کے مشترکہ لائحہ عمل کے تحت موجودہ حکومت بنی ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں سید نوید قمر نے کہا کہ یوکرین جنگ شہباز شریف نے شروع نہیں کی تھی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے۔آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ خود کو ہیرو کہلانے والا ملکی مالی خسارے کا زمہ دار عمران خان ہے، آئی ایم ایف پروگرام میں جانا مجبوری تھی ، آئی ایم ایف نے واضح طور پر کہا کہ گزشتہ حکومت نے جو معاہدے کئے وہ پورے نہیں کئے،گزشتہ حکومت کو پیٹرول کی مد میں 50 روپے پی ڈی ایل کلیکٹ کرنے تھے وہ نہیں کئے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کہتی تھی کہ ہمیں 2 سو ارب ملنے والے ہیں پھر ہم وہ رقم آئی ایم ایف کے منہ  پر ماریں گے، نا تو پیسے ملے اور نا ہی ان کی حسرت پوری ہوئی۔