ملتان،12اپریل (اے پی پی): محکمہ سروسز ساوتھ پنجاب کی جانب سے سول سیکرٹریٹ کے منصوبے کی مانیٹرنگ کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ سول سیکرٹریٹ کمپلیکس جنوبی پنجاب کے منصوبے پر کام کی رفتار میں تیزی آگئی ہے اور پراجیکٹ پر لیبر اور انجینئرز کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ میٹیریل کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہارسیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب امجد شعیب خان ترین نے متی تل سائیٹ پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں منصوبے پر روزانہ کی پراگریس چیک کرنے کے لئے 6 افسران پر مشتمل سب کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا گیا۔سول سیکرٹریٹ کا منصوبہ بھی 6 زون میں تقسیم کردیا گیا ہے اور ہر آفیسر کو منصوبے کے متعلقہ زون بارے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات کردی گئی ہے۔
سیکرٹری سروسز ساوتھ پنجاب امجد شعیب خان ترین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کو معینہ مدت کے اندر مکمل کرنا حکومت کے لئے ایک چیلنج ہے۔انہوں نے کہا کہ منصوبے پر کام کی رفتار بڑھا کر بعض ناگزیر وجوہات کی وجہ سے ہونیوالی تاخیر کا ازالہ کیا جاسکتا ہے۔ سیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب نے کہا کہ تشکیل کردی سب کمیٹی منصوبے میں حائل رکاوٹیں دور کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے ہدایت کی باونڈری وال، روڈ نیٹ ورک اور سیوریج کے کام میں تیزی لائی جائے اور کہا منصوبے کے لینڈ سکیپنگ پلاننگ میں تاخیر نہ کی جائے اورسول سیکرٹریٹ میں گھنی شجرکاری مہم کا آغاز کیا جائے۔سیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب نے سول سیکرٹریٹ پر جاری کام کا بھی معائنہ کیا۔ 500 کنال قطعہ اراضی پر تعمیر ہونے والے سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کے منصوبے پر3 ارب 50 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔
اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹری عبدلصبور ٹھاکر، سیکشن آفیسر محمداحمدخان اور دیگر افسران کے علاوہ آئی ڈیپ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر میجر ر محمد فیصل، ریذیڈنٹ انجئنیر تجمل حسین اور کنسٹرکشن کمپنی کے انتظامیہ نے شرکت کی۔