مزارات کی تزین و آرائش، بحالی بارے جائزہ اجلاس،مزارات ملتان کی شان اور اس خطے کی پہچان ہیں، کمشنر ملتان

7

ملتان،28اپریل (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت مزارات کی تزین و آرائش، بحالی بارے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ کمشنر عامر خٹک نے شاہ شمش دربار کی اصل حالت میں بحالی بارے سکیم کا پی سی ون بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مزار کی بحالی بارے نئی سکیم نئے بجٹ میں رکھی جائے۔ مزارات کی بحالی میں اصل انفراسٹرکچر، صدیوں پرانے نقش کو ماند نہ ہونے دیں۔انہوں نے کہا کہ اولیاء کرام کے مزارات ملتان کی شان اور اس خطے کی پہچان ہیں،دنیا بھر سے لوگ روحانی سکون حاصل کرنے اولیاء کرام کے در پر آتے ہیں،صدیوں پرانے دربار عمارات کا طرز تعمیر سیاحوں کیلئے خصوصی دلچسپی کا باعث ہے۔کمشنر عامر خٹک نے مزید کہا کہ مزارات پر موجود واٹر فلٹریشن پلانٹس فعال ہونے چاہیں۔ نئی سکیم میں نئے واٹر فلٹریشن پلانٹس، خواتین، مرد اور اسپیشل افراد کیلئے واش رومز بنائے جائیں۔اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر اوقاف ضیا المصطفی نے بتایا کہ شہر اولیاء کے 4 مزارات کی 78 ملین روپے کی اپ گریڈیشن جاری ہے۔

حضرت شاہ شمشؒ مزار کی 30 ملین روپے کی سکیم پر 90 فیصد مکمل کیا جاچکا ہے۔ حضرت بہاوالدین زکریا ؒ مزار کی 13 ملین روپے کی سکیم 85 فیصد مکمل ہے۔حضرت شاہ رکن عالمؒ مزار کے 7 ملین روپے کی سکیم کا 75 فیصد کام مکمل ہے۔ بی بی پاک دامن ؒ مزار کی 23 ملین سکیم کا 90 فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے۔

اجلاس میں ایس ڈی او اوقاف سید راول، متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔