ملتان، 28 اپریل(اے پی پی ): ایم ڈی واسا چوہدری محمد دانش نے کہا ہے کہ تمام ترقیاتی سکیموں کو بروقت مکمل کیا جائے، منصوبوں میں سستی برداشت نہیں کی جائیگی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترقیاتی سکیموں سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں واسا کی ترقیاتی سکیموں میں پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ایم ڈی واسا چوہدری محمد دانش نے کہا کہ تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز اپنی اپنی سکیموں کی ڈیلی مانیٹرنگ کریں اور ترقیاتی سکیموں میں کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے۔ منصوبوں کے معیار، شفافیت پرسمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جا ئے گا۔انہوں نے کہا کہ سکیموں کا فائدہ عوام تک بروقت پہنچنا چاہیے ، ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کے وقت شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جائے ۔
اجلاس میں،ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر جواد کلیم اللہ،ڈائریکٹر انجینئرنگ عبدالسلام ، ڈائریکٹر ورکس عارف عباس،سمیت تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔