وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ،وزارت خزانہ کو وزارت قانون کی مشاورت سے الیکشن کمیشن کو فنڈز فراہمی کے معاملہ پر پارلیمان سے رہنمائی حاصل کرنے کے لئے طریقہ کار اور ضابطہ کے مطابق سمری تیار کرنے کی ہدایت

7

اسلام آباد۔9اپریل  (اے پی پی):وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ کو ہدایت کی ہے کہ وزارت قانون کی مشاورت سے الیکشن کمیشن کو فنڈز فراہمی کے معاملہ پر پارلیمان سے رہنمائی حاصل کرنے کے لئے طریقہ کار اور ضابطہ کے مطابق سمری تیار کرے اور پیرکو کابینہ کے اجلاس میں پیش کرے۔وزیر اعظم کے میڈیا ونگ سے جاری اعلامیہ کے مطابق اتوار کو وزیراعظم شہبازشریف کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہائوس میں منعقد ہوا جو دوگھنٹے تک جاری رہا۔اجلاس نے چار۔ تین‘ کے تناسب سے آنے والے عدالتی حکم اور چارمعزز جج صاحبان کے تفصیلی فیصلے پر غور کیا جبکہ 6 اپریل 2023 کو قومی اسمبلی کی منظور کردہ قرار داد پر تفصیلی مشاورت کی۔وزیرقانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اجلاس کو مختلف آئینی وقانونی امور پر بریفنگ دی اور کابینہ کے ارکان کے سوالات کے جواب دئیے۔تمام پہلوئوں کابغور جائزہ لینے اور تفصیلی مشاورت کے بعد کابینہ نے متفقہ طور پر وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ وزارت قانون کی مشاورت سے اس معاملے میں پارلیمان سے رہنمائی حاصل کرنے کے لئے طریقہ کار اور ضابطہ کے مطابق سمری تیار کرے اور کل کابینہ کے اجلاس میں پیش کرے۔اجلاس نے طے کیا کہ کابینہ کا اجلاس 10 اپریل 2023 کو دوبارہ بلایا جائے تاکہ مستقبل کی حکمت عملی سے متعلق فیصلہ کیاجاسکے۔