ڈیرہ بگٹی،21اپریل(اے پی پی):ڈیرہ بگٹی اور پیرکوہ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رمضان نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں سوئی ڈیرہ بگٹی اور دیگر علاقوں سے ٹیموں نے حصہ لیا، ایونٹ کا فائنل میچ آج کھیلا گیا، سخت مقابلے کے بعد تحصیل سوئی کی ٹیم نے ڈیرہ بگٹی کے ٹیم کو اور ونر الیون نے فرینڈ الیون کو شکست دے کر میچ اپنے نام کر لئے۔
میچ کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی ممتاز کھیتران اور صوبائی وزیر نوابزادہ گہرام بگٹی اور کمانڈنٹ بمبور رائفلز کرنل معین فاروق تھے۔ اس موقع پر علاقائی عمائدین سمیت شائقین کرکٹ گراؤنڈ کے چاروں اطراف ہزاروں کی تعداد میں موجود تھے۔
میچ کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر ممتاز کھیتران اور صوبائی وزیر نوابزادہ گہرام بگٹی نے جیتنے والے کھیلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا ڈیرہ بگٹی کے نوجوان ہمیشہ کھیل کے میدان سے ضلع بھر میں سب سے آگے ہیں جو خوش آئند بات ہے، ضلعی انتظامیہ ہر وقت اس طرح کے فیسٹیول ضلع بھر میں کرتے رہیں گے۔
آخر میں ڈیرہ بگٹی کے نوجوانوں نے ضلعی انتظامیہ اور صوبائی وزیر گہرام بگٹی کا شکریہ ادا کیا۔