اسلام آباد،16اپریل(اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کی ترقی کا سفر جو ہم نے شروع کیا تھا، اسے گزشتہ حکومت نے دانستہ طور پر روکا ،پنجاب کی عوام سے مسلم لیگ ن کی حمایت کا انتقام لیا گیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں زیر تعمیر لاہور برج اور سی بی ڈی انڈر پاس کے دورہ کے موقع پر کیا۔ وزیر اعظم کو منصوبوں کے تعمیراتی کام کے حوالہ سے بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے 4 سال پنجاب کو ایک نا اہل اور کٹھ پتلی وزیرِ اعلی کے سپرد کیا گیا، پنجاب کی ترقی پر توجہ کے بجائے وزارتِ اعلی کے منصب کو وفاق میں سیاسی جوڑ توڑ کیلئے استعمال کیا جاتا رہا۔انہوں نے کہا کہ عوامی فلاحی منصوبے جو اب تک مکمل ہو کر لوگوں کی مشکلات میں کمی کر چکے ہوتے، سالہا سال تاخیر کا شکار رہے۔