زندہ قومیں اپنے شہدا کو ہمیشہ عزت و تکریم کیساتھ یاد رکھتی ہیں؛ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان

10

لاہور،25مئی(اے پی پی):یوم تکریم شہدا پاکستان کے موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے میجر شبیر شریف شہید (نشان حیدر)کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ چیف سیکرٹری نے شہید کیلئے فاتحہ خوانی اور ملکی سلامتی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے شہدا کو ہمیشہ عزت و تکریم کیساتھ یاد رکھتی ہیں، آج کے دن ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ شہدا اور انکے خاندانوں کو شایان شان عزت و تکریم دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نشان حیدر حاصل کرنے والے شہید کے مزار پر حاضری انکے لئے ایک اعزاز ہے۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ آج پوری قوم شہدا اور انکے خاندانوں کوانکی عظیم قربانیوں کے اعتراف میں خراج عقیدت پیش کررہی ہے،وطن کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والوں نے جرات و بہادری کی تاریخ رقم کی۔انہوں نے کہا کہ ارض پاک کی حفاظت اور امن کیلئے پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں نے اپنی جانیں قربان کیں۔

 انہوں نے کہا کہ وہ راستے سے بھٹکے ہوئے لوگوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، ہمار ی عزت اور مقام سب اس ملک کیوجہ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم شہدا کے قیمتی خون کے مقروض ہیں اور قوم کو شہدا کی عظیم قربانیوں پر فخر ہے۔

 ڈپٹی کمشنرلاہور رافعہ حیدر بھی اس موقع پر موجود تھیں۔