مشیر برائے یوتھ افیئرز وہاب ریاض کا سیالکوٹ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

31

سیالکوٹ،25مئی  (اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ  وہاب ریاض ، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب  ڈاکٹر آصف طفیل  اور ڈائریکٹر امور نوجوانان پنجاب سید عمیر حسن    نے سیالکوٹ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری  کا دورہ کیا۔

صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس و معروف صنعت کار عبدالغفور ملک  نے چیمبر آمد  پر معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ چیمبر میں منعقدہ اجلاس  سے خطاب کرتے ہوئے صدر سیالکوٹ چیمبر نے جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ کی تعمیر نو و کشادگی کے منصوبے کی دو فیزوں میں تعمیر  کی منظوری  و فنڈز کے اجراء پر حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا ۔

صدر چیمبر نے کہا کہ منصوبے کے  فیز ون کے تحت 1100ملین روپے کی خطیر رقم کے ساتھ ہائی پرفارمنس سنٹر     قائم  کیا گیا ہے جس میں کھلاڑیوں کیلئے سوئمنگ پول انڈور بیٹنگ اینڈ بائولنگ بلاک   اورٹریننگ سیشن بلاک    تعمیر کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ جناح سٹیڈیم سیالکوٹ فیز ون کی تکمیل کا کام آخر میں فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہو رہا تھالیکن وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ  وہاب ریاض نے  سیالکوٹ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری  کی درخواست پر باقی ماندہ فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جس سےاس  منصوبے کا  فیز ون مکمل ہوا جس پرہم ان کے تہہ دل سے ممنون ہیں اور اس منصوبے کے  افتتاح  کا فریضہ وہاب ریاض  اپنے دست مبارک سے ادا کر نے کےلئے شہر اقبال تشریف لائے ہیں۔

صدر سیالکوٹ چیمبر  کا کہنا تھا کہ جناح سٹیڈیم  کے فیز ٹو  جس کے تحت اسٹیڈیم میں کرکٹ گراؤنڈکی تعمیر، کھلاڑیوں کیلئے ڈریسنگ روم،شائقین  کے لیے پویلین اور فلڈ لائٹس کی تعمیر کاکام مکمل کیا جائے گا وہ بھی جلد شروع ہو جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے کرکٹ شائقین کی بھر پور خواہش ہے کہ کرکٹ سٹیڈیم کی بحالی و تعمیر نو کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ  پی ایس ایل اور بین الاقوامی کرکٹ میچز سر زمین سیالکوٹ پر منعقد ہوں۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ  وہاب ریاض نے بھی خطاب کیا اور صدر سیالکوٹ چیمبر عبدالغفور ملک اور انکی ٹیم کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ سیالکوٹ سٹیڈیم سمیت دیگر کرکٹ گرائونڈز کی فراہمی کے لیے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا تاکہ سرزمین سیالکوٹ سے شعیب ملک جیسے مزید اچھے کرکٹر سامنے آ سکیں۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ پوری دنیا میں اپنی ایک پہچان رکھتا ہے، یہاں کے لوگوں کے ہنر کی دنیا بھر میں قدر کی جاتی ہے ، کھیلوں کا سامان ہویا آلات جراحی، ہوزری ہو یا پھر گلوز، لیدر گارمنٹس ہوں یا فٹ بال سیالکوٹ کی بنائی ہوئی ہر چیز دنیا بھر میں جانی اور پہچانی جاتی ہے اس لیے یہاں کرکٹ سمیت ہاکی اور فٹ بال کے گرائونڈز بھی ضرور ہونے چاہیئں تاکہ جو لوگ دوسروں کے لیے کھیلوں کا سامان تیار کرتے ہیں انہیں بھی کھیلنے کے پورے پورے موقع میسر آنے چاہیئں۔

اجلاس میں سینئر نائب صدر چیمبر وہب جہانگیر، نائب صدر عامر مجید شیخ  سمیت سابق صدور چیمبر، اراکین مجلس عاملہ سمیت سیالکوٹ  کی تاجر برادری کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔

بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ  وہاب ریاض نے سیالکوٹ کے جناح اسٹیڈیم میں بننے والے ہائی پرفارمنس سنٹر کا افتتاح بھی کیا۔انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ میں بننے والے ہائی پرفارمنس سنٹر میں      لاہور اسٹیڈیم میں بنائے جانے والے ہائی پرفارمنس سنٹر سے بھی زیادہ سہولیات ہیں جس سے کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے میں آسانی ہو گی۔