نو مئی کو شہدا کی توہین کرنیوالے بد ترین سزا کے مستحق ہیں،آخری شر پسند کی گرفتاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے؛محسن نقوی

29

لاہور،25مئی(اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے یوم تکریم شہدا کے موقع سینٹرل پولیس آفس لاہور، پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ،یادگار شہدا کینٹ، یاد گار گنج شہدامصطفی آباد،قصور، پنجاب رینجرز ہیڈ کوارٹرزاور ایس ایس پی شہید اشرف مارتھ پولیس لائنز گوجرانوالہ کے دورے کئے اور شہداء کی یادگاروں پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا کی۔

 سینٹرل پولیس آفس میں محسن نقوی کے ہمراہ چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے پولیس شہدا کی یادگار پر پھول رکھے ،پولیس کے چاک وچوبند دستے نے شہدا کو سلامی پیش کی ۔محسن نقوی نے پولیس شہدا کے خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔انہوں  نے شہدا کے خاندانوں سے ان کے مسائل بھی پوچھے اور موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں ۔

محسن نقوی نے پولیس شہدا کو زبردست الفاظ میں خراج عقید ت پیش کیا۔انہوں نے یوم تکریم شہدا پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم آج شہدا وطن کے ساتھ اپنی بے مثال محبت کا اظہار کررہی ہے،شہدا کی قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں،شہدا کا مشن وطن کا تحفظ اورامن ہے جو انشا اللہ جاری و ساری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،یہ واقعات پاکستان کی تاریخ پرسیاہ داغ ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ پولیس اورقانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے شہدا کی بے مثال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔شہدا کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ آج کا دن ان شہدا کی عز ت و تکریم کیلئے منایا جا رہا ہے جن کی 9 مئی کو توہین کی گئی ،9 مئی کے ذمہ دار آخری شر پسند کی گرفتاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،جب تک تمام ذمہ داروں کو پکڑ نہ لیں کوئی اور کام نہیں کریں گے ۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاک فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ مل کر ایک ایک شرپسند کو ٹریس کررہے ہیں ، فیصل آباد میں کیپٹن اسفند یار شہید چوک اوریاد گار کو نقصان پہنچانے والوں کوپکڑکر دم لیں گے- کیپٹن اسفند یار شہید چوک کو پاکستان کا یادگار چوک بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں شہدا کے یادگاری بورڈ تباہ کرنے والے نہیں بچ سکیں گے،جنہوں نے شہدا کی توہین کی وہ بدترین سزا کے مستحق ہیں ۔

محسن نقوی  نے کہا کہ جو قومیں اپنے شہدا کے ساتھ کھڑی ہوتی ہیں وہ ہی آگے بڑھتی ہیں – شہدا کی قدر نہ کرنے والی قومیں اقوام عالم میں سربلند نہیں ہو سکتیں ۔انہوں  نے کہا کہ پولیس شہداکی فلاح و بہبود کے لئے کئی سالوں سے زیر التوا کیسوں کو نمٹایا ہے۔

انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور اور ان کی ٹیم شہدا کے ورثا  کیلئے دن رات کام کر رہی ہیں، جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ۔