پاکستان اور بلغاریہ کے درمیان میری ٹائم تعاون پر مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

1

صوفیا(بلغاریہ)،29 مئی  (اے پی پی ): پاکستان اور بلغاریہ نے پیر کو یہاں  ‘‘میری ٹائم تعاون پر مفاہمت کی یادداشت’’ پر دستخط کئے۔

 پاکستان کی جانب سے جمہوریہ بلغاریہ میں پاکستان کی سفیر  مریم مدیحہ آفتاب نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے، جبکہ  بلغاریہ کی طرف سے اقتصادی پالیسیوں کے نائب وزیر اعظم اور ٹرانسپورٹ و مواصلات کے وزیر ہرسٹو الیکسیف  نے بلغاریہ کی طرف سے دستاویز پر دستخط کیے۔

 ایم او یو پر دستخط سے دونوں ممالک کو بحری امور کے شعبے میں اپنے تعاون کو باضابطہ شکل دینے میں مدد ملے گی۔ ایم او یو کے تحت دونوں ممالک بحری نقل و حمل سے متعلق معاملات پر تعاون کو وسعت دیں  گے، بحری امور کے درمیان رابطے کو آسان بنائیں گے، نجی شعبے کی آگاہی اور تعاون میں اضافہ کریں گے، باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی مواقع پیدا کریں گے اور اس اہم شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دیں گے۔

دستخط کی تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان کی سفیر نے کہا کہ اس ایم او یو پر دستخط دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کو مسلسل مضبوط بنانے میں ایک اور سنگ میل ہے اور اس سے دونوں ممالک کے متعلقہ حکام کو باہمی طور پر فائدہ مند تعاون قائم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ دونوں ممالک نے دو طرفہ سیاسی مشاورت کا پانچواں دور منعقد کیا جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر سفیر نے بلغاریہ کے وزیر ٹرانسپورٹ اور کمیونیکیشن سے بھی الگ ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کی متعلقہ وزارتوں کے درمیان تعاون بڑھانے کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔