پاک فوج دنیا کی مضبوط ترین افواج میں سے ایک ہے، عدم استحکام پیدا کرنے والی اندرونی اور بیرونی قوتوں کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہو چکا؛سید عاصم منیر

3

راولپنڈی،29مئی(اے پی پی):پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج دنیا کی مضبوط ترین افواج میں سے ایک ہے،عوام نے فوج سے محبت کے حالیہ اظہار سے دشمن کے مذموم عزائم کا منہ توڑ جواب دیا،عدم استحکام پیدا کرنے والی اندرونی اور بیرونی قوتوں کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہو چکا۔

وہ کوئٹہ گیریژن کے دورہ کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن میں فوجیوں کیلئے قائم مختلف فلاحی سکیموں کا دورہ کیا، انہوں نے روایتی اور ففتھ جنریشن وارفیئر کیلئے آپریشنل تیاریوں پر بھی زور دیا۔

اس موقع پر خطاب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھاکہ عوام اورفوج کے رشتے کو کمزور کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، پاک فوج ہمیشہ پاکستان کے بہادر اور قابل فخر لوگوں کی مقروض ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام نے فوج سے محبت کے حالیہ اظہار سے دشمن کے مذموم عزائم کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔

انہوں نےکہا کہ  اندرونی عناصر اور بیرونی قوتوں کے درمیان گٹھ جوڑ بے نقاب ہو چکا ہے، اندرونی اور بیرونی عناصر کاگٹھ جوڑ عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے تھا، پاک فوج دنیا کی مضبوط ترین افواج میں سے ایک ہے۔