پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کو” پروفیسر آف ایمریٹس” بنانے کا اعلان

31

لاہور،25مئی(اے پی پی):پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے پہلے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود اپنی مدت ملازمت کی کامیاب اننگ مکمل ہونے پر جمعرات کے روز عہدے سے ریٹائر ہو گئے ہیں۔جن کی خدمات کے اعتراف میں پی جی ایم آئی،امیر الدین میڈیکل کالج اور لاہور جنرل ہسپتال کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر  نے پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کو اپنے ادارے میں ” پروفیسر آف ایمریٹس”  بنانے کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ وہ نہ صرف صحیح معنوں میں اس اعزاز کے حقدار ہیں بلکہ ان کی نیورو سرجری کیلئے خدمات اس سے زیادہ سراہے جانے کے قابل ہیں۔

ان خیالات کا اظہار پروفیسر الفرید ظفر نے  پنز آڈیٹوریم میں پروفیسر خالد محمود کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جس میں نگران وزیر صحت پنجاب پروفیسر جاوید اکرم، سابق وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ پروفیسر انجم حبیب وہرہ، پروفیسر آصف بشیر، پروفیسر غیاث النبی طیب، پروفیسر طارق صلاح الدین کے علاوہ مختلف میڈیکل یونیورسٹیز /کالجز کے وائس چانسلرز، پرنسپل صاحبان،اساتذہ، نیورو سرجنز، نوجوان ڈاکٹرز،نرسنگ سٹاف،پیرا میڈیکس اور ملازمین کثیر تعداد میں شریک تھے۔

پرنسپل پی جی ایم آئی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر خالد محمود  نے نیورو سرجری میں متعدد نئے رحجانات کو متعارف کروا کر میڈیکل کے شعبے میں بلا شبہ  نئے باب کا اضافہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر نام پیدا کیا۔انہوں نے کہا کہ پروفیسر خالد محمود پاکستان میں بالخصوص ڈی بی ایس طریقہ علاج کے بانی ہیں ،ان کی اس کاوش سے پاکستانی مریضوں کو بیرون ملک جانے کی ضرورت درپیش نہیں رہی اور اس سے رعشہ و پارکنسن کے مریضوں کو وطن عزیز میں ہی زندگی کی نئی روشنی نصیب ہوئی ہے۔

پروفیسر الفرید ظفر نے مزید کہا کہ رعشہ پارکنسن کا علاج انتہائی مہنگا ہے اور پاکستانی مریض بیرون ملک علاج کروانے کا تصور بھی نہیں کر سکتے تھے جبکہ ان کی کاوشوں سے یہاں پر بھی علاج دستیاب ہوا۔ پروفیسر جاوید اکرم، خواجہ سلمان رفیق، پروفیسر انجم حبیب وہرہ اور پروفیسر آصف بشیر ودیگر نے پروفیسر خالد محمود کی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا کہ پروفیسر خالد محمود نے ایک بہترین معالج،میڈیکل ٹیچر اور بلاصلاحیت ایڈمنسٹریٹر کے طور پر طویل اننگز کھیلی ہے او رمیڈیکل کی دنیا میں ان کے لا تعداد شاگر ڈاکٹرز علم کی شمع کو آگے سے آگے روشن کرتے جائیں گے۔

تقریب میں پروفیسر خالد مسعود گوندل، پروفیسر محمو دایاز، پروفیسر انور چوہدری، پروفیسر محمد نذیر، پروفیسر مسعود صادق، پروفیسر فرید احمد خان، پروفیسر فاروق افضل، پروفیسر اطہر جاوید، پروفیسر شازیہ مقبول، پروفیسر قاسم بشیر، پروفیسر محمد معین، پروفیسر مجید چوہدری، پروفیسر آغا شبیر علی  سمیت دیگر موجود تھے۔