امریکہ اور پاکستان کے بچے پاک امریکہ تعلقات کو پروان چڑھائیں گے؛ سفیر مسعود خان

5

واشنگٹن ڈی سی، 26 مئی (اے پی پی): امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ امریکہ اور پاکستان کے بچے پاک امریکہ تعلقات کو پروان چڑھائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نےڈی سی پبلک سکول کے تعلیم کے فروغ کیلئے شروع کیے گئے ایک عالمی سطحی پروگرام کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔انہوں نے تقریب میں گریڈ 5 کے 25 طلباء کے ایک گروپ کیجانب سے پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے پیش کی گئی پریزنٹیشن کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان ایمبیسی ایڈاپشن پروگرام  کثیر الثقافتی تعلقات کی تعمیر کو فروغ دینے کے لیے ایک بہترین اقدام ہے جس کے اثرات دور رس نتائج نکلیں گے۔

طلباء نے پاکستانی آرٹ، جغرافیہ، کھیلوں کے شعبوں پر محیط کیپ اسٹون پریزنٹیشنز پیش کیں، کچھ نے اردو سیکھنے کا انتخاب کیا۔ انہوں نے پاکستان پر ایک ‘جیوپارڈی گیم’  سیریز تیار کی جس میں پاکستانی فنون، قومی پھول، جانوروں، زمین کی تزئین پر مبنی کوئز سوالات تھے جس کے بعد پاکستانی ترانے کی پرفارمنس نے سامعین کو محظوظ کیا۔ کورس کی قیادت گریڈ 5 کی طالبہ مارگریٹ میلیا کر رہی تھی۔

سفیر نے پاکستان میں ہم منصب سکولوں کے ساتھ ان تبادلوں کے امکانات تلاش کرنے کی مزید خواہش کی۔ انہوں نے لوگوں سے لوگوں کے تبادلے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اپنے کیپ اسٹون پروجیکٹ کے ایک حصے کے طور پر، طلباء نے پاکستان کے متنوع مناظر کی عکاسی کرنے والا ایک اجتماعی آرٹ ورک تیار کیا، ایک فٹ بال جس پر طلباء کے نام تھے اور ساتھ ہی ایک ٹرک آرٹ منی ایچر، جنہیں سفیر کو پیش کیا گیا۔

مسعود خان نے طلباء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جینی ایلیمنٹری سکول کی پروگرام کوآرڈینیٹر سارہ بشر کو طالب علموں کی اتنی اچھی تیاری کرنے پر ان کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے ڈائریکٹر ایجوکیشن پارٹنرشپس واشنگٹن پرفارمنگ آرٹس پینیلوپ مستو اور انچارج گلوبل ایجوکیشن ڈی سی پبلک سکولز عطارا محمد کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ایک انتہائی کامیاب کراس کلچرل تبادلے کا قیمتی موقع فراہم کیا۔

ایمبیسی ایڈاپشن پروگرام، جو ڈی سی پبلک سکولز اور واشنگٹن پرفارمنگ آرٹس کے درمیان ایک مشترکہ تعاون ہے، جس کا مقصد ایک بڑھتی ہوئی باہم مربوط اور ثقافتی طور پر متنوع دنیا میں کامیابی کے لیے ضروری مہارتیں فراہم کرنا ہے۔یہ پروگرام پانچویں اور چھٹی جماعت کے طلباء کو اپنے ساتھی ملک کی زبان، ثقافت، تاریخ جغرافیہ، فنون اور ثقافت کے بارے میں جاننے کی اجازت دیتا ہے۔ اساتذہ ایک تعلیمی سال کے دوران کلاس روم کے دوروں کے لیے اپنے سفارتی شراکت داروں کی میزبانی کرتے ہیں۔ پروگرام کے اختتام پر، طلباء نے جو کچھ سیکھا ہے اسے ظاہر کرنے کے لیے ایک کیپ اسٹون پریزنٹیشن دیتے ہیں۔