ای فائلنگ کے نظام سے وقت کی بچت ہوگی اور سرکاری امور نمٹانے میں تیزی آئے گی،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب

4

ملتان،25مئی(اے پی پی): ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے ای فائلنگ کے نظام سے وقت کی بچت ہوگی اور سرکاری امور نمٹانے میں تیزی آئے گی جبکہ ڈیجیٹائزیشن سے تمام شعبوں میں شفافیت کا نظام بھی رائج ہوگا۔

ان خیالات کا اظہا انہوں نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے زیر اہتمام نئے ماڈیول بارے ٹریننگ سیشن میں کیا۔

صوبہ پنجاب میں دفتری نظام کو پیپر لیس بنانے کے لئے اہم قدم اٹھاتے ہوئے سول سیکرٹریٹ لاہور اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مربوط ماڈیول کے ذریعے منسلک کردیا گیا ہے۔ اس طرح فائلوں کا پرانا نظام ختم کردیا گیا ہے اور تمام ایڈمنسٹریٹیو ڈیپارٹمنٹس میں ای فائلنگ اینڈ آفس آٹو میشن سسٹم رائج کردیا گیا ہے۔اب تمام خط وکتابت،سمری اور نوٹنگ ای فائلنگ  کےذریعے  ہوگی جبکہ ڈائری اور ڈسپیچ سے لیکر فائلوں کے ریکارڈ کا نظام بھی  ای فائلنگ سسٹم سے منسلک ہوگا۔محکموں و افسران کی مانیٹرنگ اور کارکردگی جانچنے کے لئے  ای فائلنگ کا طریقہ اپنایا جائے گا جبکہ سیکرٹریٹ کے افسران فیلڈ وزٹ کے دوران بھی لیپ ٹاپ کے ذریعے آفس فائل پر ریمارکس دے سکیں گے اور کسی بھی ای فائل کی کیوآر کوڈ کےذریعے جانچ کر سکیں گے۔تمام محکموں کو لاگ ان اور سیکرٹریٹ کے افسران کو پاس ورڈ  فراہم کردئیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے زیر اہتمام نئے ماڈیول بارے ٹریننگ سیشن منعقد کیا گیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے سیشن کی صدارت کی جبکہ تمام محکموں کے ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز اور ایڈیشنل سیکرٹریز ٹریننگ سیشن میں شریک ہوئے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے ٹریننگ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ چیف سیکرٹری پنجاب کو لیٹر یا سمری ای فائل کی صورت میں ارسال کی جائے گی اور کوئی پیپر نہیں بھیجا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دفاتر کے نظام کو ڈیجیٹائز کرنا وقت کا تقاضا ہے اور یہ بات قابل فخر ہے کہ ای فائلنگ سسٹم  جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں سب سے پہلے لانچ کیا گیا۔

کیپٹن ر ثاقب ظفر نے ہدایت کی تمام ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز دفتری امور کے لئے ای فائلنگ اینڈ آفس  آٹومیشن سسٹم اپنائیں اور فائلوں کے پرانے نظام کو ترک کردیں۔ انہوں نے کہا کہ ای فائلنگ کے نظام سے وقت کی بچت ہوگی اور سرکاری امور نمٹانے میں تیزی آئے گی جبکہ ڈیجیٹائزیشن سے تمام شعبوں میں شفافیت کا نظام بھی رائج ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ ای فائلنگ سسٹم میں فائل پراسیسنگ کے لئے ٹائم لائن مقرر کی جائے گی۔