بھارت کو کرکٹ میں سیاست نہیں کرنی چاہیے ؛ مزاری

33

اسلام آباد،30 مئی (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ احسان الرحمان مزاری نے کہا ہے کہ بھارت کو کرکٹ میں سیاست نہیں کرنی چاہیے خاص طور پر جب کھیلوں کے دیگر دستے پاکستان کا دورہ کر رہے ہوں۔

 ان خیالات کا اظہار  انہوں نے منگل کو یہاں اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ‘پاکستان اور انڈیا کا کرکٹ مقابلہ دنیا میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا کرکٹ میچ ہے اور اگر انڈیا ایشیا کرکٹ کپ پاکستان میں کھیلتا ہے تو اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان بھی کھیلنے کے لیے انڈیا کا دورہ کرے گا۔  انہوں نے کہا ہمیں کھیلوں اور سیاست کو الگ الگ رکھنے کی ضرورت ہے۔

وزیر نے کہا کہ ہندوستانی بیس بال ٹیم نے حال ہی میں اسلام آباد میں ایک ٹورنامنٹ کھیلا جس میں تیس سے زائد رکنی دستے نے دیگر ممالک کے ساتھ کھیلا، لاہور میں منعقدہ برج فیڈریشن آف ایشیا اینڈ مڈل ایسٹ (BFAME) چیمپئن شپ میں بھی بھارتی دستے نے شرکت کی۔

مزاری نے کہا کہ حکومت ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک جامع ‘نیشنل سپورٹس پالیسی’ پر کام کر رہی ہے، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر لی گئی ہے اور کابینہ کی منظوری کے بعد پالیسی کو حقیقی معنوں میں لاگو کیا جائے گا۔ انہوں نے 19 سال بعد 34ویں نیشنل گیمز کے کامیاب انعقاد پر حکومت بلوچستان کی کاوشوں کو سراہا اور جیتنے والی ٹیموں بشمول آرمی، واپڈا اور دیگر کو مبارکباد بھی دی۔