بہاولنگر،24 مئی (اے پی پی): صادق محمد خان عباسی خامس کی برسی کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون، ڈی پی او علی رضا شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس احمد سلیم چشتی اور اسسٹنٹ کمشنر آمنہ احسان اورپرنسپل پروفیسر محمد شفیق سیکرٹری ڈی پی ایس میاں فضل ، محکمہ تعلیم کے افسران اساتذہ اور سٹوڈنٹس نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے تقریب میں کہا کہ صادق محمد خان خامس کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، صادق محمد خان عباسی خامس نے نظم ونسق ، تعلیمی ترقی اور بہترین ایریگیشن نظام سے اس خطے کو خوشحالی و ترقی پر گامزن کیا۔انہوں نے صادق محمد خان خامس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صادق عباسی خامس نے دریائے ستلج پر تین ہیڈ ورکس سلیمانکی، ہیڈ اسلام اور ہیڈ پنجند تعمیر کیے اور پوری ریاست میں نہروں کا جال بچھا دیا گیا اور زرعی ترقی کی راہیں کھول کر پورے خطہ کو خوشحالی سے منور کردیا۔
تقریب میں دیگر افسران نے بھی سر صادق خان عباسی خامس کی بے مثال خدمات کو سراہا۔