سکھر،19مئی(اے پی پی): اسمال ٹریڈرز اور سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے زیر اہتمام حاجی محمد جاوید میمن کی قیادت میں افواج پاکستان زندہ باد ریلی نکالی گئی ریلی میں سیاسی، سماجی، مذہبی اور تاجر رہنماوں محمد رضوان قادری، عبدالباری انصاری، ڈاکٹر سعید اعوان سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی صرافہ بازار ، شاہی بازار، شہید گنج و دیگر راستوں سے ہوتی ہوئی گھنٹہ گھر چوک پر اختتام پذیر ہوئی ۔
اس موقع پر اسمال ٹریڈرز کے صدر، سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عظمت کا نشان افواج پاکستان ہے ہر سچے پاکستانی کا دل افواج پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے افواج پاکستان کے خلاف باتیں کرنیوالے ملک و قوم کے دشمن ہیں، 9مئی کا دن پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن تھا اور کہا کہ پاکستان کی تنصیبات پر حملہ کرنیوالوں کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں ،ان ناسوروں کے خلاف سخت سے سخت ایکشن لیا جائے جنہوں نے شہیدوں کی یادگاروں کو نقصان پہنچایا آج جو ہم چین کی نیند سوتے ہیں اس کی سب سے بڑی وجہ افواج پاکستان اور دیگر سیکیورٹی ادارے ہیں ہمیں اپنی فوج پر ناز ہے اور کہا کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔