سکھر بورڈ کی جانب سے گیارہویں اور بارہویں کلاس کے امتحانات کا آغاز

23

سکھر،22مئی(اے پی پی ): بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ ہائیر سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے آج گیارہویں اور بارہویں کلاس کے امتحانات کا آغاز ہوگیا ہے، آج بروز پیر صبح 9 بجے گیارہویں جماعت کا انگلش کا پہلا پرچہ لیا جارہا ہے۔

سکھر بورڈ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق گھوٹکی سے گیارہویں جماعت کے پری میڈیکل کے 3062 مرد جبکہ 1907 خواتین،اور پری انجینئرنگ کے 4904 مرد جبکہ 295 خواتین طلباءامتحانات دیں گے،سکھر سے گیارہویں جماعت کے پری میڈیکل کے 3170 مرد جبکہ 3154 خواتین،اور پری انجینئرنگ کے 3681 مرد جبکہ 372 خواتین طلباءامتحانات دیں گے،خیرپور ضلع سے گیارہویں جماعت کے پری میڈیکل کے 10437 مرد جبکہ 5690 خواتین،اور پری انجینئرنگ کے 2574 مرد جبکہ 138 خواتین طلباءامتحانات دیں گے۔

تینوں اضلاع گھوٹکی،سکھر،خیرپور کے ٹوٹل 74724 طلباءوطالبات اس سال امتحانات دے رہے ہیں، گیارہویں اور بارہویں کے امتحانات دو شفٹوں میں لئے جائیں گے۔پہلی شفٹ 9 سے 12 جبکہ دوسری شفٹ 2 بجے سے 5 تک ہوگی۔

گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کے لئے تینوں اضلاع میں 119 امتحانی سینٹرز قائم کئیے گئے ہیں ، گھوٹکی میں 29 امتحانی سینٹرز قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 12 سینٹرز لڑکوں کے لئے جبکہ 5 لڑکیوں کے لئے اور 12 مشترکہ امتحانی سنٹرز ہیں، سکھر میں 31 امتحانی سینٹرز قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 15 سینٹرز لڑکوں کے لئےجبکہ 10 لڑکیوں کے لئے اور 06 مشترکہ امتحانی سنٹرز ہیں، خیرپور میں 59 امتحانی سینٹرز قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 20 سینٹرز لڑکوں کے لئے جبکہ 12 لڑکیوں کے لئے اور 27 مشترکہ امتحانی سنٹرز ہیں۔

 امتحانات میں نقل کی روک تھام کے لئے 22 چھاپہ مار ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جن میں سے 20 مرد اور 2 خواتین کی ٹیمیں شامل ہونگی، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے امتحانی مراکز پر دفعہ 144 نافذ ہوگی اور تمام فوٹو اسٹیٹ کی دکانیں امتحانات کے اوقات میں بند رہیں گی،امتحانات میں لوڈ شیڈنگ روکنے کے لئے سیپکو کو بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے لیٹر بھیج دیا گیا ہے، گیارہویں اور بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات یکم جون تک جاری رہیں گے۔