سکھر،23مئی(اے پی پی) صدارتی ایوارڈ یافتہ صحافی اجے لالوانی قتل کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں ہوئی۔سماعت کے موقع پر بااثر ملزم عنایت شاہ، احسان شاہ، سابق ایس ایچ او عاشق میرانی پیش ہوئے۔ملزم رضا شاہ، جمیل شاہ، جانب، غلام مصطفیٰ میرانی اور اکبر منگریو بھی عدالت میں پیش ہوئے۔اجے لالوانی کے والد دلیپ کمار ، بھائی روہیت کمار ، اکانت لالوانی بھی پیش ہوئے۔ مدعی کی طرف سے ایڈوکیٹ زبیر احمد راجپوت پیش ہوئے، لیکن ملزمان کے وکلاء پیش نہیں ہوئے۔ملزمان کے وکلاءکی عدم پیشی پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور انہیں نوٹسز جاری کردیئے۔
عدالت نے آئندہ سماعت 8 جون تک ملتوی کرکے ملزمان کو وکلاءکی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ واضح رہے کہ ملزمان نے 26 ماہ قبل سکھر کے علاقے صالح پٹ میں صحافی اجے لالوانی کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔مقتول صحافی کے والد دلیپ کمار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیٹے کو بااثر ملزمان نے قتل کروایا، اب ہمیں بھی دھمکیاں دے رہے ہیں، مقدمے سے دستبردار ہونے کیلئے مختلف جرائم پیشہ افراد کی مدد سے دھمکیاں دی جارہی ہیں، عدالت مجھے انصاف اور تحفظ فراہم کرے۔