سیالکوٹ ؛ صوبائی وزیر ایس ایم تنویرکا چیمبر آف کامرس کا دورہ ، تاجر برادری کے مسائل کےحل کی یقین دہانی

9

سیالکوٹ،30مئی(اے پی پی):صوبائی وزیر برائے صنعت، تجارت و توانائی ایس ایم تنویرنےمنگل کو یہاں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا ، صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس  و معروف صنعتکار عبدالغفور ملک نے  دورہ چیمبر کے موقع پر ان کا پر تپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر صدر سیالکوٹ چیمبر نے  کہا کہ صوبائی حکومت  تاجر برادری کیلئے  کاروباری آسانیوں کےحصول کیلئے بھر پور کام کر رہی ہے جس کی بڑی مثال حکومت پنجاب کی جانب سے پنجاب بھر کے چیمبرز کو درپیش کاروباری مسائل کو حکومتی ایوانوں تک پہنچانے اور فوری حل کے سلسلہ میں پنجاب چیمبرز آف کامرس کو آرڈینیشن کمیٹی  کا  قیام ہے۔

انہوں نے دوران اجلاس سیالکوٹ کی  تاجر برادری کو درپیش جن اہم مسائل کے فوری حل کا مطالبہ کیا ان میں،ای پی زیڈ سیالکوٹ میں منسوخ شدہ 303 پلاٹوں کی بحالی اورتعمیر کیلئے کم ازکم دو سال کی مدت  میں توسیع کی منظوری و لیٹ کنسٹرکشن کی مد میں عائد چارجز کو ختم کرنے، سپورٹس گڈز اینڈ میٹریل ٹیسٹنگ لیب کی تکمیل کیلئے ضروری فنڈز کی فراہمی،سیالکوٹ انڈسٹریل زون پراجیکٹ کیلئے زمین کی ایکوزیشن ، پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی  کے بورڈ آف مینجمنٹ کی فوری تشکیل،ہائی ویز پر قائم صنعتی  یونٹس پر عائد پراپرٹی ٹیکس کا خاتمہ،سروسز پر عائد ودہولڈنگ سیلز ٹیکس کا خاتمہ و عدم ادائیگی پر جاری نوٹسز کی واپسی، ائیر پورٹ روڈ سمبڑیال اور سیالکوٹ-وزیر آباد روڈ کی تعمیر کی مقررہ مدت میں تکمیل اور سیالکوٹ-پسرور روڈ کی تعمیر  کیلئے درکار ایک ہزار ملین روپے کے فنڈز کی جلد فراہمی سمیت دیگر امور شامل تھے۔

   اجلاس سے  خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے صنعت، تجارت و توانائی ایس ایم تنویر  نے کہا کہ میں تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کروں گا اور پوری کوشش کروں گا کہ تاجر برادری کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوئی تاخیر نہ ہو ۔انہوں نے کہا کہ  سیالکوٹ کی تاجر برادری اور سیالکوٹ کا تو پوری دنیا میں ایک نام ہے ایک پہچان ہے جسکی اپنے تو کیا بیگانے بھی تعریف کرتے ہیں  بلکہ مثالیں دیتے ہیں ، اس لیے میں صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اور ان کی پوری ٹیم کو یقین دہانی کراتا ہوں کہ  اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے سیالکوٹ کی تاجر برادری کے  تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

ایس ایم تنویر  نے کہا  کہ ملکی برآمدات میں اضافہ کیلئے پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف مینجمنٹ کو تشکیل دےدیا گیا ہے، ایک ہزار ایکڑ پر انڈسٹریل زون، 798کنال پر سرجیکل سٹی سمیت سپورٹس گڈز اینڈ میٹریل ٹیسٹنگ لیب کی تکمیل کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب جلد مطلوبہ فنڈز جاری کریں گے۔انہوں نے  سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے اجلاس میں انکے والد مرحوم ایس ایم منیر سے متعلق دکھائی جانے والی ڈاکومنٹری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ لوگ آج بھی میرے والد مرحوم کو انکے کاموں کی وجہ سے اچھے الفاظ میں یاد کرتے ہیں جو میرے لیے بھی اعزاز کی بات ہے۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عدنان محمود اعوان، صدر چیمبرآف کامرس عبدالغفور ملک کے علاوہ سینئر نائب صدرنائب وہب جہانگیر، نائب صدر عامر مجید شیخ،بزنس کمیونٹی کے لیڈر  ریاض الدین شیخ، ڈی او انڈسٹریز راشدہ بتول،صدر و سینئر نائب صدر سیالکوٹ ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ، ایسوسی ایشنز کے چیئرمین و گروپ لیڈران، ممبران ایگزیکٹو کمیٹی، سابق صدور چیمبر سمیت دیگر صوبائی محکموں کے اعلیٰ حکام اور چیمبر ممبران کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔