سیالکوٹ،22مئی(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سپورٹس فیسٹیول 2023ء کے تحت سیالکوٹ میں کھیلوں کے مقابلے جاری ہیں، گزشتہ شب گئوشالہ والی بال اسٹیڈیم میں ڈپٹی کمشنر والی بال چیمپین شپ کے دلچسپ مقابلے کے بعد سٹار والی بال کلب نے 2-1سے جیت لی۔
ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے والی بال چیمپین شپ کی فاتح سٹار والی بال کلب کو 3لاکھ روپے جبکہ رنز اپ اتحاد والی بال کو 2لاکھ روپے نقد انعام اور ٹرافیاں دیں جبکہ آفیشل کو 1لاکھ80ہزار روپے بھی دئیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں اب تک باسکٹ بال، کراٹے، ہاکی اور والی بال کی چیمپئن شپ کا کامیابی سے انعقاد ہوچکا ہے، تمام کھیلوں میں انعامی رقم 5لاکھ روپے جبکہ ٹورنامنٹ آفیشلز کو بھی میچ فیسیں ادا کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹار والی بال اسٹیڈیم گئوشالہ کی تزئین آرائش کیلئے منصوبہ بنایا جائے گا اور جلد اس منصوبے کو حتمی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی فٹبال اور کشتیوں کے مقابلہ جات کا بھی انعقاد جاری ہے۔
اس موقع پر قومی والی بال ٹیم کے سابق کپتان عرفان بٹ، مظہر فرید، زمان بٹ، صدر والی بال ایسوسی ایشن رفیع راء، ایم او فنانس رانا ثقلین، سینئر والی بال کوچ ارشد بٹ اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر سیالکوٹ افتخار گوندل بھی موجود تھے۔ فائنل میچ فلڈ لائٹس میں کھیلا گیا، شائقین والی بال نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
والی بال کے قومی کھلاڑیوں اور آفیشلز نے کھلاڑیوں اور کھیلوں کی بھرپور حوصلہ آفزائی پر ڈی سی سیالکوٹ کا شکریہ ادا کیا۔