فیصل آباد،21 مئی(اے پی پی):فیصل آبادانٹرنیشنل ایئر پورٹ سے پی آئی اے کی پہلی حج پرواز(نمبر1341) اتوار کی صبح 150عازمین حج کو لیکر حجاز مقدس روانہ ہوگئی ، اس متبرک و پرمسرت موقع پروفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے فرزندان توحید کو فریضہ حج کی سعادت کے حصول کیلئے الوداع کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ راناثنااللہ خان نے عازمین حج کی پہلی پرواز کی روانگی کی پروقار تقریب سے خطاب میں معززعازمین حج کواپنی،انتظامیہ اور دیگر حکام کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کیونکہ ہمارا ایمان ہے کہ وہاں وہی جاتا ہے جسے اللہ اور اس کا رسولؐ بلائے تو آپ سب خوش قسمت ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کواپنی میزبانی کیلئے بلایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بیحد خوشی محسوس ہورہی ہے کہ وہ اللہ کے مہمانوں کو الوداع کرنے آئے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ آپ ایک متبرک فرض کی ادائیگی کیلئے ارض مقدس تشریف لے جارہے ہیں اسلئے وہاں اپنے، اپنے پیاروں، عزیز و اقارب، رشتہ داروں، ہم وطنوں و پوری امت مسلمہ کی سلامتی، اپنے ملک کی ترقی و خوشحالی اور امن وامان کیلئے دعائیں مانگیں۔انہوں نے فرزندان اسلام سے اس توقع کا اظہار بھی کیاکہ چونکہ مکہ و مدینہ میں وہ اپنے وطن کے سفیر کے طور پرملک و قوم کی نمائندگی بھی کریں گے لہٰذا وہاں پر اپنے تمام معاملات احسن طریقہ سے سر انجام دینے سمیت ایک ذمہ دار پاکستانی کی حیثیت سے وہاں کے قوانین اور حج کے تمام قواعد و ضوابط پرمکمل عمل کریں۔
رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ حج کے موقع پر دنیابھرسے حجاج کرام آئے ہوتے ہیں اسلئے وہاں پر آپ کے طرز عمل سے پاکستان کا بہترین چہرہ ابھرے گاجس سے نہ صرف ان کی بلکہ ملک وقوم کی عزت و وقار میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور سعودی حکومت نے اس سال مل کر حج کیلئے بہترین انتظامات کئے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ رورڈٹو مکہ معاہدہ کے تحت سعودی وزارت داخلہ نے امیگریشن کیلئے36 ہزار حاجیوں کا معاہدہ کیا تھا لیکن ان کی گزارش پر سعودی وزیر داخلہ نے یہ تعداد 40 ہزار تک کردی ہے تاکہ امیگریشن کیلئے حاجیوں کا کم سے کم وقت لگے۔انہوں نے مزید کہا کہ پشاور اور اسلام آباد کے40 ہزار حجاج کرام کی اسی معاہدہ کے تحت امیگریشن ہوگی جبکہ اگلے سال اس پراجیکٹ کے تحت کراچی،لاہور، فیصل آباد سمیت دوسرے شہروں کے حجاج کرام کوبھی یہ سہولت میسر ہوسکے گی۔انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ انتظامیہ،ڈپٹی کمشنر، سی پی او، ڈائریکٹوریٹ آف حج کے عملہ اور وزارت مذہبی امور کے حکام بھی یہاں موجود ہیں جنہوں نے آپ کیلئے بہترین انتظامات کئے ہیں جس پر وہ ان کوبھی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
اس موقع پر ایئرپورٹ منیجر انور ضیا نے بتایا کہ 21 مئی سے شروع ہوکر16 جون تک جاری رہنے والے پری حج آپریشن میں پی آئی اے کی 22 پروازیں حصہ لیں گی جبکہ فیصل آباد سے 3500 عازمین حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ آج پہلی پرواز مدینہ کیلئے روانہ ہوئی ہے جبکہ فیصل آباد سے براستہ کراچی مدینہ منورہ کیلئے 7 پروازیں اورفیصل آباد سے براستہ کراچی جدہ کیلئے 15 پروازیں روانہ ہونگی۔انہوں نے بتایا کہ اس بار فیصل آبادانٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عازمین حج کو رخصت کرنے کیلئے پہلے سے بھی بہتر اور تمام ضروری انتظامات مکمل کئے گئے ہیں تاکہ عازمین حج اور انہیں رخصت کرنے کیلئے ایئرپورٹ آنیوالے ان کے پیاروں کو کسی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس موقع پرجنرل منیجر پی آئی اے محمد شفیق،ڈی ایم پی آئی اے شاہد حسین، ڈائریکٹوریٹ آف حج کے ڈپٹی ڈائریکٹرعارف ظہور حسین،ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر،سی پی اودیگر انتظامی افسران اور عازمین حج کے عزیز و اقارب بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔