قصور ؛ یوم تکریم شہداء پر  تقریب ، شہداء  کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کئے گئے

12

قصور،25 مئی (اے پی پی ): یوم تکریم شہداء پاکستان کے سلسلہ میں ڈی پی ایس میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔شہداء پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کئے گئے۔شہداء کی یاد کو تازہ کرنے کے لئے ڈاکومنٹری بھی دیکھی گئی۔

 ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی  نے کہا کہ آج کے دن وطن کے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں، پوری قوم کو اپنے بہادر شہداء پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ شہداء پاکستان ہمارے اصل ہیرو اور عظیم اثاثہ ہیں، جنہوں نے  مادر وطن کے تحفظ اور دفاع کیلئے بے شمار قربانیاں دیں ا۔انہوں نے  کہا کہ ملکی سالمیت اور سلامتی ہمارے شہداء کی گراں قدر خدمات کے بغیر ممکن نہیں ہے۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مادر وطن پر جان قربان کرنے پر شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں  نے کہا کہ شہداء نے اپنے جانوں کو نذرانہ پیش کر کے اپنے آج کو ہمارے کل کیلئے قربان کیا۔انہوں نے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں ہونے دیا جائیگا،کوئی قوم اپنے شہداء کی قربانی کا صلہ نہیں دے سکتی۔ انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنے شہیدوں کو بھول جاتی ہیں وہ مٹ جایا کرتی ہیں۔

تقریب میں پاکستان آرمی کے افسران، ڈی،پی،او تمام ضلعی محکمہ جات کے سربراہان و دیگر نے شرکت کی۔