پشین،25 مئی (اے پی پی ): مئیر میونسپل کارپوریشن سردار اکبر ترین نے کہا کہ ایک مثبت سوچ کے ساتھ پشین کو خوبصورت سے خوبصورت بنانے اور شہر میں تجاوزات کو فوری ختم کرنے سمیت عوام کو درپیش تمام مسائل کا خاتمہ کرنے کا تہیہ کررکھا ہے۔
وہ اپنے دفتر میں ملنے والے مختلف وفود سے بات چیت کررہے تھے۔ اس موقع پر چئیرمین پی ایچ ای و خوراک ملک نجیب ترین اور دیگر کونسلران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہر اور اطراف میں آئے روز ہوائی فائرنگ پر محکمہ داخلہ فوری اور مکمل پابندی عائد کریں تاکہ لوگ سکھ کا سانس لے سکیں، کارپوریشن کے تمام کونسلران کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں یہاں آباد تمام قبائل و عوام ہم میں سے ہیں جسکی خدمت اولین فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جکنے اور بکنے والوں میں سے نہیں ہیں، حق و صداقت کی جنگ ہر حال میں لڑتے رہیں گے، کارپوریشن میں پشتونخوا میپ جے یو آئی اور آزاد کونسلران میرے لئے سب برابر ہیں اور سب کے آپس میں اچھے روابط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشین شہر اور اطراف میں بجلی گیس پانی سمیت عوام کے تمام بنیادی ضروریات انہیں فراہم کئے جائیں گے۔