ميرپورخاص ميں قومی تین روزہ مینگو و سمر سیزنل فروٹ فیسٹیول 2 جون سے شروع ہوگا

47

میرپورخاص،18 مئی (اے پی پی):میرپورخاص آموں کے حوالے سے اپنی ایک الگ شناخت رکھتا ہے، یہ ملک اور سندھ کا واحد خطہء اور شہر ہے، یہاں آموں کی 200 سے زائد اقسام کاشت کی جاتی ہیں جن میں  میرپورخاص میں آموں کا بادشاہ سندھڑی آم،  دیسی،  دسیری، لنگڑا، سرولی، بیگن پلی،  زعفران، پاسبان،  چونسا،   قابل ذکر ہیں۔

میرپورخاص ڈویژن میں 36 ہزار ایکڑ رقبہ پر آموں کے باغات ہیں،آموں کا سیزن شروع ہوتے ہی ان باغات سے مختلف اقسام کے آموں کی خوشبوں سے شہر  مہک رہا ہے۔ فروٹس و آموں کا  بادشاہ “سندھڑی” آم اپنی خوبصورت جسامت اور مٹھاس کے ساتھ بکثرت کاشت کیا جاتا ہے جوکہ ملک کے علاوہ بیرون ملکوں میں  بھی بہت پسند کیا جاتا ہے ۔ مئی کے آخری ہفتے میں یہ آموں کی اقسام مارکیٹوں کی زینت بننا شروع ہوجاتی ہیں اور شہری خدا کے اس تحفے سے خوب لفت اندوز ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔

 دوسری جانب ڈویژنل کمشنر میرپورخاص شفیق مہیسر اور ڈپٹی کمشنر میرپورخاص زین العابدین میمن نے اس سال کرونا لاک ڈؤن کے بعد معطل رہنے والی سالانہ تین روزہ قومی آموں و سیزنل فروٹس کی نمائش منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس میلے کا انعقاد 2 جون کو  منعقد ہوگا۔

ڈویژنل  کمشنر میرپورخاص شفیق مہیسر اور ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن نے ” اے پی پی” کو بتایا کہ200  سے زائد آموں کے آبادگاروں کو مدعو کیا گیا ہے جو اپنے آموں اور سیزن کے فروٹس کے اسٹالز شہید بینظیر بھٹو مینگو ہال میں لگائیں گے  جن کی رجسٹریشن کی جائے گی۔ مینگو ہال میں لگنے والے اسٹالز آموں کے باغات کے مالکان کو تین کیٹیگریز ،اے بی سی  میں تقسیم کیا گیا ہے، بہترین اسٹالز لگانے والوں میں کیٹیگری  کے حساب سے  انعامات دیئے جائیں گے ۔

انہوں نے بتایا کہ تین روزہ  مینگو و سیزنل فروٹس فیسٹیول میں سندھ کا ثقافتی کھیل ملھ ملاکھڑا، خواتین و بچوں کے لیئے تفریحی میلے کا انعقاد  گلستان بلدیہ پارک میں  کیا جائے گا۔ملک بھر  سے تعلق رکھنے والے آموں کے باغات کے مالکانن زمیندارن ایگریکچلر افسران اور زرعی ماہرین  کا مشترکہ سیمینار کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس سے آموں کی پیداوار ایکسپورٹ پر تفصیلی بات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ شہری  مینگو و سیزنل فروٹ فیسٹیول اور اسے جڑی تقریبات سے  تفریحی سرگرمیاں ملیں گی۔