نوشہرہ ورکاں،25 مئی (اے پی پی): ملک بھر کی طرح نوشہرہ ورکاں میں بھی یوم تکریم انتہائی جوش جزبہ سے منایا گیا ،شہداء افواج پاکستان اور شہداء پولیس کی جانب سے وطن عزیز کے لیے قربانیاں دینے پرانہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔
شہداء مسلح افواج کے لیے یوم تکریم کے سلسلہ میں گورنمنٹ پرائمری سکول نوشہرہ ورکاں میں ایک تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا ۔جس میں اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں نوید حیدر مہمان خصوصی تھے۔ تقریب کے احتتام پر پاک مسلح افواج کے حق میں ایک مختصر ریلی کا بھی اہتمام کیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں نوید حیدر نے نوشہرہ ورکاں میں مرکزی قبرستان اور شرقی قبرستان میں مدفون چار فوجی شہداء کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور ملکی سلامتی و خوشحالی کے لیے دعا کرائی گئی۔
اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں نوید حیدر ،فوجی شہید جمیل احمد کے والد محمد صدیق اور شہید کے بھائیوں سے ملنے انکے گھر محلہ مسلم ٹاؤن بھی گئے اور ان سے اظہار ہمدردی کیا ،پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور دعا کرائی۔
اس موقع پر سپریڈنٹ میونسپل کمیٹی میاں رضوان علی اور دیگر ملازمین بھی شریک تھے۔