وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سے قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی کی ملاقات

24

اسلام آباد، 18 مئی  (اے پی پی ): وفاقی  وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سے قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی نے جمعرات کو یہاں  ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں  تجارت اور سیاحت کے فروغ کے لیے روابط بڑھانے پر بھی  تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس  موقع پر   رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاک قطر تعلقات باہمی اعتماد اور اسلامی بھائی چارے پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قطری شہریوں کو پاکستان آمد پر ویزا کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ دونوں ممالک نے داخلی اور سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل تعاون جاری رکھنے پر  بھی اتفاق کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان اعتماد کا لازوال رشتہ ہے۔انہوں نے جنیوا کانفرنس کے دوران پاکستان میں سیلاب زدگان کی مالی امداد پر قطر کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ قطر نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور امیر قطر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

قطر کے سفیر نے کہا کہ قطر میں کام کرنے والے پاکستانی، پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اور اس تعداد میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔ قطر میں مجموعی طور پر 250,000 پاکستانی کام کر رہے ہیں۔ملاقات میں  قطر میں پاکستانی افرادی قوت کی اس تعداد کو 6,50,000 تک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

سفیر نے فٹبال ورلڈ کپ میں سکیورٹی کے انتظامات پر پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔