اسلام آباد،10مئی(اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی جمہوریت اور آئین کو فاشسٹ جتھے کا سامنا ہے جسکی قیادت عمران خان کررہے ہیں، اس جتھے نے وہ طوفان برپا کیا ہے جو بھارت برسوں میں نہیں کرسکا ۔
انہوں نے بدھ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اصل میں تحریک انتشار ہے جسکے پیچھے ایک تاریخ ہے اسی فاشسٹ جتھے نے 2014 میں اسلام آباد پولیس پر حملے کیے جوانوں کو زخمی کیا ہڈیاں تک توڑیں، پی ٹی وی پر حملہ کیا ، پارلیمنٹ کے جنگلے توڑے اور اٹک پل پر مسلح ہو کر پل کو بند کیا اور اسلام آباد پر حملہ کیا۔
خرم دستگیر نے کہا کہ سو سال قبل جرمنی اور اٹلی میں فاشزم کا جنم ہوا تھا جسکی تازہ مثال تحریک انصاف ہے، یہ وہ لوگ ہیں جنھوں نے ملک کو تین ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کی سازش کی، 2019 میں عمران خان نے کشمیر کا سودا کیا ، عمران خان جیسے ماہا فاشسٹ نے 2014 میں سول نافرمانی کی اور بلوں کو آگ لگانے کی ترغیب دی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کل پشاور میں اسی جتھے نے ایدھی کی گاڑی جلا دی، لاہور میں آرمی ہاوس میں جلاو گھیراؤ کیا جی ایچ کیو پر حملہ آور ہوئے، سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔
وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے میڈیا ٹرولز نے عدلیہ اور پاک فوج کیخلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی اور پولیس پر پٹرول بم پھینکے گئے، اہلکاروں پر پتھراؤ کیاگیا۔ وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری القادرٹرسٹ کرپشن کیس میں ہوئی ، اس کیس میں کرپشن کے ریکارڈ توڑے گئے۔انہوں نے کہا کہ برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی نے معاملے کی تحقیقات کیں اور پاکستان سے برطانیہ بھیجا گیا پیسہ پاکستانی حکومت کو واپس کر دیا۔
خرم دستگیر نے کہا کہ اس وقت کی حکومت میں ملی بھگت ہوئی اور کابینہ کی جانب سے بند لفافے کی اندھی منظوری دی گئی، نیشنل کرائم ایجنسی نے جو 60 ارب روپے پکڑے وہ اسی نجی بزنس مین کے نام کرکے چلے گئے ، سودے کے نتیجہ میں 2 دسمبر کو کابینہ کا فیصلہ ہوا اور ٹھیک 24 دن بعد القادر ٹرسٹ قائم کردیا گیا،یہ پاکستان کے عوام کے 60 ارب روپے کی چوری پر الگ کیس بنتا ہے۔ انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ٹرسٹ پہلے اسی بزنس مین کے نام ہوا جس نے 458 کنال زمین دی اور چند ماہ بعد وہ زمین اس وقت کی خاتون اول کے نام منتقل ہو گئی جب مہا فاشسٹ عمران خان وزیر اعظم پاکستان تھا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ کنکشن پاکستانی عوام کے سامنے لانا ضروری ہے کہ جسے رقم دی گئی اسی سے 458 کنال زمین لی گئی، یہ ایک کرپٹ پریکٹس کا کیس ہے جس پر نیب اپنی کارروائی کررہی ہے، عمران خان نے اسکے علاوہ بھی بہت سوالوں کا جواب دینا ہے جیسا کہ عوام کے ساتھ جھوٹ بولا گیا کہ امریکی سائفر کے ذریعے انکی حکومت گرائی گئی، اس جھوٹ سے پاکستان کے خارجہ تعلقات کو نقصان پہنچا ، عمران خان نے یہ بھی جواب دینا ہے کہ کیوں انہوں نے اداروں کے خلاف بیان دیے اور اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچایا اور ابھی انہوں نے دوست ملک کی طرف سے دی جانے والی گھڑی کو بیچنے کا بھی جواب دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجربہ عمرانی نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کیا اور ملک کو مسائل سے دو چار کیا جس کا ازالہ قوم بھگت رہی ہے۔
خرم دستگیر نے کہا کہ عدل کے پلڑے اس وقت توازن میں آئیں گے جب اعلی عدلیہ سے سول کورٹس تک عوام کو انصاف ملے گا، جب تحصیل لیول سے اسلام آباد تک انصاف ملے گا ، یہ بہت بڑا چیلنج ہے لیکن اس میں کامیابی حاصل کریں گے، سپریم کورٹ نے اپنے فیصلوں سے اپنا وقار بحال کرنا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف سے ہونے والی زیادتی کا ازالہ ہوگا تو سمجھیں گے کہ توازن برابر ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم ان کے ساتھ بزدلانہ مصالحت نہیں کریں گے،ہم ووٹ کے ساتھ انکو شکست دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام جمہوری قوتیں جنہوں نے دو تہائی ووٹ لئے ان غیر جمہوری عناصر کے سامنے سینہ سپر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی کی غلطیوں سے سیکھتے ہوئے آگے بڑھنا ہے اور ملک میں روزگار بڑھانا ہے ترقی کرنی ہے اور عوام سے کئے گئے وعدون کو پایا تکمیل تک پہنچانا ہے، لیکن اس سے پہلے فاشسٹ جتھے سے نمٹنا ہے ۔











