پولیس کی کامیاب کارروائی،  کچہ کا  ایک ڈاکو ہلاک

21

رحیم یار خان،25 مئی (اے پی پی ): پولیس کی کامیاب کاروائی، جرائم پیشہ عناصر کی کچہ کی جانب موومنٹ پر پولیس کی خفیہ ناکہ بندی ، فائرنگ کے تبادلہ کے دوران  اغواء برائے تاوان ، ڈکیتی ،پولیس پر فائرنگ اور اقدام قتل جیسے سنگین مقدمات  میں ملوث خطرناک ڈاکو ہلاک ہو گیا۔

ترجمان پولیس  کے مطابق لنڈ گینگ نے کچہ آپریشن میں مصروف پولیس پر حملہ کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی اطلاع پر ڈی پی او رضوان عمر گوندل کی ہدایت پر اے ایس پی شاہزیب چاچڑ کی نگرانی میں تمام نفری الرٹ کر دی گئی ۔ایس ایچ اوز بھونگ اور کوٹسبزل نے ایلیٹ ٹیمز اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ مختلف مقامات پر خفیہ ناکہ بندی کر رکھی تھی،  رات گئے ڈاکوؤں کی  مقامی باغ علی اکبر شاہ پور کے نزدیک پولیس پارٹی پر فائرنگ ، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک، ساتھی فرار ، پولیس مقابلہ کے دوران ہلاک ڈاکو کی شناخت زاہد عرف بانا ملک سکنہ جیون موڑ راجن پور کے نام سے ہوئی ہے، ہلاک ڈاکو سے کلاشنکوف اور متعدد راؤنڈبرآمد ہوئے۔

پولیس مقابلہ کے دوران مارا جانے والا ڈاکو پڑتال ریکارڈ پر دس سے زائد، اغواء برائے تاوان، ڈکیتی، پولیس پر فائرنگ، اقدام قتل جیسے سنگین مقدمات میں ملوث نکلا، کاروائی میں ایلیٹ ٹیمز اور پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا، پولیس کو جدید اسلحہ اور بکتر بند گاڑیوں کی مدد بھی حاصل تھی۔

ڈی پی او رضوان عمر گوندل نے بہترین حکمت عملی اور جرات و بہادری کے ساتھ ڈاکوؤں کا ڈٹ کر  مقابلہ کرنے پر پولیس پارٹی کو شاباش دی اور فرار ملزمان کی تلاش کی ہدایت کی ہے۔

ڈی پی او رضوان عمر گوندل نے کہا کہ پولیس ٹیم نے دوران کاروائی پیشہ ورانہ مہارت کا استعمال کرتے ہوئے جرات و بہادری کا مظاہرہ کیا جو قابل دید ہے۔