چونڈہ میں بھارتی اور9 مئی کو  فوجی تنصیبات پر  پی ٹی آئی کے حملوں میں کوئی فرق نہیں؛ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف

8

لاہور،21مئی(اے پی پی):وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے  چونڈہ میں  یادگار شہدا  کے مقام پرپاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے  نکالی  گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوجی تنصیبات پہ حملہ دشمن کرتا ہےاور جو حملہ  لاہور میں کور کمانڈر کے گھر پہ ہوا  ،ہمارے ائر بیس میانوالی پر  ہوا ، جی ایچ کیو پر  ہوا، ان حملوں میں اوراس حملے میں جو  ہندوستان نے شہرچونڈہ  میں یادگار شہدا  کے مقام پر کیا تھا، مجھے ان میں کوئی فرق نظر نہیں آتا ۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہندوستان نے حملہ  پاکستان کی سرزمین ، نظریاتی اساس اورسرحدوں  پرکیا تھا، 1965  اور 1971 کی جنگوں میں ہمارے شہداء نے  اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کر کے پاکستان کا دفا ع کیا جبکہ 9 مئی  کو ایک شخص نے صرف اپنے اقتدار کی خاطر پاکستان پر حملہ کیا اور پاکستانی عوام کے شہداء کی مٹی سے رشتے کو چیلنج کیا۔

وفاقی وزیر نے  کہا کہ ایئر بیس پر حملہ دشمن کرتا ہے، ایئر بیس پر حملہ ہندوستان کے مقاصد میں شامل ہو سکتا ہے، جی ایچ کیو پر حملہ ہندوستان کے مقاصد میں شامل  ہو سکتاہے، فوجی تنصیبات پر حملہ ہندوستان کے مقاصد میں شامل  ہو سکتاہے ،ایک ٹولہ پاکستان کے اندر  بھی ہے جس نے  فوجی تنصیبات ،ان کےگھروں اوران مقدس  شہدا کی یادگاروں پر حملہ  کیا جن لوگوں نے اپنا سب کچھ وطن عزیز کے دفاع کی خاطر قربان کیا۔

 خواجہ آصف نے کہا کہ  کیا گزری ہو گی ان شہدا کے خاندانوں پہ جب ان شہدا کی یاد گارتصویروں کو توڑا جا رہا تھا جنہوں نے اپنا سب کچھ  پاکستان کی خاطرقربان کیا ،جو ہمارے محسن ہیں ،جن کے احسان کا بدلہ ہم آج نہیں کل نہیں  بلکہ قیامت تک نہیں اتار سکتے ۔انہوں نے  کہا کہ یہ سلسلہ قربانیوں کا جاری ہے اور روزانہ ہمارے بہادر سپوت مادر وطن کی خاطر اپنا خون بہا رہے ہیں ۔

وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف  نے  کہا کہ اقتدار  سیاست دانوں  سے چھن جاتا ہے ،پیپلزپارٹی اور  پاکستان مسلم لیگ سے اقتدار چھینا گیا لیکن ہم نے کبھی اپنی دفاعی تنصیبات پر حملہ نہیں کیا  بلکہ کہا کہ ہمیں متحد ہو  کرپاکستان کے استحکام کی خاطر  اپنی افواج کے ساتھ  شانہ بہ شانہ کھڑا ہونا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ  فوجی تنصیبات پہ حملہ کرنے والوں کی  شناخت ہو چکی ہےاور انہیں  پاکستان کے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا ملے گی۔