چیئرمین سینیٹ سے برطانیہ کے قائم مقام ہائی کمشنر کی  ملاقات

9

اسلام آباد،23مئی(اے پی پی):برطانیہ کے قائم مقام ہائی کمشنر نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے  پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سیاسی تعلقات، سیلاب کے بعد بحالی کی کوششوں، تجارت اور سرمایہ کاری، پارلیمانی تعاون اور عوام سے عوام کے رابطوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تاریخی شراکت داری پر روشنی ڈالی، جس میں (اپ گریڈڈ اینہانسڈ اسٹریٹجک پارٹنرشپ) (ای ایس پی) اور صحت، تعلیم اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون پر زور دیا۔

چیئرمین سینیٹ نے سیلاب کے بعد بحالی میں برطانیہ کے تعاون اور یورپ میں پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی اور سرمایہ کاری پارٹنر کے طور پر اس کے کردار کو سراہا اور چیئرمین سینیٹ کی جانب سے برطانیہ کی ترقی پذیر ممالک کی تجارتی اسکیم (ڈی سی ٹی ایس) میں پاکستان کی شمولیت کو بھی سراہا گیا،۔ دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں موجودہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کو متحرک  کرتے ہوئے پارلیمانی تعاون اور عوام سے عوام کے رابطوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ملاقات میں یو کے ۔ پاکستان ریٹرن اینڈ ری ایڈمشن ایگریمنٹ اور قانونی مائیگریشن ٹریک میں پیش  رفت کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔  تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، صحت، تکنیکی تعلیم اور کھیلوں میں تعاون کے مواقعوں پر  غور کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ نےپاکستان اور برطانیہ کے درمیان مضبوط تعلقات کی اُمید کا اظہارکرتے ہوئے تعلقات کو مضبوط تر بنانے کے باہمی عزم کو اجاگر کیا۔مزید برآں، چیئرمین سینیٹ نے کنگ چارلس III اور میجسٹی کوئین کنسورٹ کیملا کی تاجپوشی پر مبارکباد پیش کی اور ان کے اقتدار اور برطانیہ کی مسلسل خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔