گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے سابق ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے وفود کی ملاقاتیں

16

لاہور،25مئی(اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہائوس لاہور میں سابق ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے وفود نے ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ملک و قوم کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہدا کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ2013 سے 2018 تک تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی اور اس کے ساتھ ساتھ ہائر ایجوکیشن اور ریسرچ کا بجٹ بھی کئی گنا بڑھایا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس دور میں محمد شہباز شریف کی بطور وزیر اعلی پنجاب کاوشوں کی وجہ سے آئوٹ آف سکول چلڈرن کی تعداد میں نمایاں کمی آئی تھی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ 2018 کے بعد بدقسمتی سے ہائر ایجوکیشن کا بجٹ بڑھانے کی بجائے کم کر دیا گیا اور معیشت، صحت اور تعلیم سمیت تمام شعبوں میں ترقی کی بجائے تنزلی ہوئی۔انہوں نے سابق ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ عوام کی خدمت کریں اور لوگوں کے مسائل حل کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔

اس موقع پر سابق ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے کہا کہ9 مئی کو شر پسندوں کی جانب سے اداروں ، فوجی تنصیبات پر حملوں کے واقعات نہایت افسوس ناک اور ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے۔

وفود میں سابق سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال، ایم این اے جاوید حسنین شاہ ،سابق ایم این اے صاحبزادہ فیض الحسن ،سابق ایم پی اے مولانا الیاس منظور چنیوٹی اور آصف رفیق رجوانہ ایڈوکیٹ شامل تھے۔