اسلام آباد،1جون(اے پی پی):بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز نے 9 مئی کے واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان واقعات کی تحقیقات کی جائیں، 9 مئی کو جو توڑ پھوڑ کی گئی یہ کوئی سیاسی رویہ نہیں، ایسی صورتحال میں ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ پھونک پھونک کر قدم اٹھائیں۔
جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر منظور کاکڑ نے کہا کہ بی اے پی 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہے، سیاسی کارکنان کی جو تربیت کی گئی وہ 9 مئی کو سامنے آئی، بدقسمتی سے دوبارہ کرسی حاصل کرنے کیلئے یہ سب کچھ کیا گیا۔
سینیٹر انوار الحق نے کہا کہ 9 مئی کو جو توڑ پھوڑ ہوئی یہ سیاسی رویہ نہیں، اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں، سابق حکومت کی لیڈر شپ نے عوام کو مایوس کیا، ایسی صورتحال میں ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ پھونک پھونک کر قدم اٹھائیں، جمہوری عمل میں سیاسی جماعتوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
سینیٹر سرفراز بگٹی نے کہا کہ زیارت میں دہشت گرد نے قائداعظم ہائوس کو نشانہ بنایا، اسی طرح لاہور میں جناح ہاؤس پر شرپسندوں نے حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان واقعات کی تحقیقات سے سازش بے نقاب ہو گی، بلوچستان کے عوام کی جانب سے یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ان واقعات کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔