اسلام آباد کلب پولو جونیئر ٹیم اور دبئی پولو اینڈ ایکوسٹرین کلب کے درمیان نمائشی میچ 4-4 گول سے برابر

19

اسلام آباد،3جون  (اے پی پی):اسلام آباد کلب پولو جونیئر ٹیم اور دبئی پولو اینڈ ایکوسٹرین کلب کے درمیان  نمائشی میچ 4-4 گول سے برابر رہا۔ہفتہ کو   اسلام آباد کلب پولو گراؤنڈ میں  نمائشی میچ شروع ہوا تو پہلے چکر میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ  1-1 سے برابر  رہا، دوسرے چکر میں بھی دونوں ٹیموں نے زبردست کھیل پیش کیا اور مزیدایک ،ایک گول کیا۔

 دبئی کلب کی جانب سے تیسرے چکر میں چارلی میتھیوز نے دو گول اسکور  کرکے  اسلام آباد کلب پولو کے خلاف برتری حاصل کی ،چوتھے اور آخری چکر میں اسلام آباد کی جانب سے تیسرا گول چنگیز خان لغاری نے گول کر کے مقابلہ 3-3سے برابر کر دیا تاہم اس کے بعد  صائم عباس نے گول کر کے اسلام آباد کودبئی کلب کے خلاف 4-3 کی برتری دلائی،  دبئی کی جانب سے محمد علی ملک نے چوتھا گول کر کے مقابلہ  4-4 گولز سے برابر کردیا،اسطرح دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا۔

دبئی کی جانب سے چارلی میتھیو، ایدن ال احمد اور محمد علی جبکہ اسلام آباد کی جانب سے اکبر اورنگزیب، چنگیز خان لغاری، صائم عباس اور ہاشم وحید نے ایک ایک گول کیا۔ دورہ کرنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں میں حسن العبار، ایدن ال احمد، چارلی میتھیوز اور ہارمس ورلے شامل تھے۔ ان کے ساتھ لیزا میتھیوز (ٹیم منیجر) اور جان اعظم (ٹیم کوچ)  بھی  ہمراہ ہیں۔

 اسلام آباد کلب پولو ٹیم کے کھلاڑیوں میں چنگیز خان لغاری، اکبر اورنگزیب، سعد مرزا، محمد علی ملک اور ہاشم وحید شامل ہیں۔ اسلام آباد کلب پہلی بار اسلام آباد کلب کی جونیئر ٹیم اور دبئی پولو اینڈ ایکوسٹرین کلب کے درمیان نمائشی میچوں کی سیریز کی میزبانی کر رہا  ہے۔

یہ پہلا موقع ہےکہ دبئی کی جونیئر پولو ٹیم پاکستان کا دورہ کر رہی ہے جو کہ اسلام آباد کلب کی اسپورٹس ڈپلومیسی کا حصہ ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری نمائشی میچ کل اتوار کو کھیلا جائے گا۔